بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ الحاقِ پاکستان منا رہے ہیں

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یومِ الحاقِ پاکستان(Accession of Pakistan) منا رہے ہیں۔

19 جولائی 1947 کو کشمیری عوام کے اجتماعی فیصلے کی تاریخی قرارداد نے ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا رخ متعین کردیا تھا۔ یہ تاریخِ کشمیر کا وہ یادگار دن ہے جب آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس نے سری نگر میں قراردادِ الحاقِ پاکستان منظور کرکے ریاست کے مستقبل کا فیصلہ عوام کی مرضی سے کردیا تھا۔

یہ تاریخی قرارداد کشمیری عوام کی اجتماعی سیاسی بصیرت، قومی شعور اور پاکستان سے ان کی غیر متزلزل نظریاتی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے، سخت ریاستی دباؤ کے باوجود کشمیری قیادت کا پاکستان سے الحاق کا فیصلہ عوامی امنگوں کا مظہر ہے۔

یہ جمہوری فیصلہ نہ صرف کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی قانونی اور اخلاقی بنیاد ہے، بلکہ آج بھی تحریکِ آزادیٔ کشمیر کی روح اور پاکستانی بیانیے کا سب سے مضبوط استدلال ہے۔ کشمیریوں نے قیامِ پاکستان سے قبل ہی اپنی سیاسی بصیرت سے مستقبل کا رخ متعین کر دیا تھا۔

مزیدپڑھیں:یوم الحاق پاکستان ہمیں پاکستان اور جموں و کشمیر کے عوام کے مابین گہرے تاریخی، ثقافتی اور روحانی رشتوں کی یاد دلاتا ہے، صدرآصف علی زرداری

ریاست کا الحاق کسی فردِ واحد کی صوابدید نہیں، کشمیری عوام کا بنیادی حق قرار پایا۔ 19 جولائی کی قرارداد مسئلۂ کشمیر پر پاکستان کے قانونی اور اخلاقی مؤقف کی بنیاد ہے، یہ فیصلہ کشمیریوں کے قومی تشخص اور نظریاتی وابستگی کی زندہ علامت ہے۔

کشمیری آج کا دن اس عہد کی تجدیدِ کے ساتھ منا رہے ہیں کہ وہ بھارتی تسلط سے آزادی اور جموں و کشمیر کے پاکستان کے ساتھ الحاق کی 19جولائی 1947 کو منظور ہونے والی قرارداد کو عملی جامہ پہنانے کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ کا یوم الحاق پاکستان پر کشمیریوں کو زبردست خراج تحسین:

محسن نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ آزادی کی شمع کو روشن رکھنے والے تمام کشمیری شہداء اور حریت رہنماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں، 19 جولائی 1947 کی قرارداد کشمیریوں کی اجتماعی امنگوں کی سچی عکاس اور جدوجہدِ آزادی کا اہم سنگِ میل ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تاریخی قرارداد کشمیری عوام کے پاکستان کے ساتھ الحاق کے غیرمتزلزل عزم کی مظہر ہے۔ کشمیری قیادت نے قیام پاکستان سے قبل ہی پاکستان کے ساتھ اپنے مستقبل کو جوڑ دیا تھا، پاکستان اور کشمیر کے رشتے مشترکہ تاریخ، عقیدے اور جغرافیے کے مضبوط بندھن میں بندھے ہیں۔