اسپین نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے فائنل میں ارجنٹائن کو 0-1 سے شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کر لیا، جبکہ ٹورنامنٹ کے اختتام پر انفرادی اعزازات کا بھی اعلان کر دیا گیا۔
اسپین نے اجتماعی کامیابی کے ساتھ ساتھ بیشتر بڑے انفرادی اعزازات بھی اپنے نام کیے، جبکہ فرانس کے کیلیان ایمباپے (Kylian Mbappé) نے گولڈن بوٹ جیت کر ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کیا۔
نیوجرسی کے میٹ لائف اسٹیڈیم (MetLife Stadium) میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں اسپین اور ارجنٹائن مقررہ 90 منٹ تک کوئی گول نہ کر سکے۔ میچ کے اختتام سے کچھ دیر قبل ارجنٹائن کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب اینزو فرنانڈیز (Enzo Fernández) کو دوسرا پیلا کارڈ ملنے پر میدان بدر کر دیا گیا، جس کے بعد ارجنٹائن کو باقی مقابلہ دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنا پڑا۔
میچ اضافی وقت میں داخل ہوا اور دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف 37 سیکنڈ بعد اسپین کے متبادل کھلاڑی فیران ٹوریس (Ferran Torres) نے فیصلہ کن گول کر دیا۔ پیڈرو پورو (Pedro Porro) کی جانب سے کیے گئے کراس پر نیکو ولیمز (Nico Williams) نے ہیڈر کے ذریعے گیند فیران ٹوریس کے سامنے پہنچائی، جنہوں نے طاقتور شاٹ کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچا کر اسپین کو 0-1 کی برتری دلائی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔
ارجنٹائن کی ٹیم پورے میچ میں مؤثر حملے نہ کر سکی اور بیشتر وقت گول پر ایک بھی مؤثر شاٹ نہ لگا سکی۔ کپتان لیونل میسی (Lionel Messi) اپنی تیسری اور غالباً آخری ورلڈ کپ فائنل میں ٹیم کو فتح دلانے میں ناکام رہے اور ارجنٹائن مسلسل دوسری عالمی ٹائٹل جیتنے سے محروم رہ گیا۔
مزیدپڑھیں:ورلڈ کپ، کوپا امریکہ اور ریکارڈز، لیونل میسی کے قومی ٹیم کے سنہری لمحات
مقررہ وقت کے آخری لمحات میں اسپین کے نوجوان اسٹار لامین یامال (Lamine Yamal) نے ایک شاندار فری کک کے ذریعے میچ ختم کرنے کی کوشش کی، تاہم ارجنٹائن کے گول کیپر ایمیلیانو مارٹینیز (Emiliano Martínez) نے بہترین سیو کر کے اپنی ٹیم کو بچا لیا۔ اضافی وقت میں بھی مارٹینیز نے نیکو ولیمز کی ایک اور کوشش ناکام بنائی، جبکہ بعد ازاں ولیمز کا ایک گول فاؤل کے باعث مسترد کر دیا گیا۔
ٹورنامنٹ کے اختتام پر فیفا نے انفرادی اعزازات کا بھی اعلان کیا۔ فرانس کے کیلیان ایمباپے (Kylian Mbappé) نے 10 گول کر کے گولڈن بوٹ اپنے نام کی، یوں وہ اپنے کیریئر کی دوسری ورلڈ کپ گولڈن بوٹ جیتنے میں کامیاب رہے۔
اسپین کے مڈفیلڈر روڈری (Rodri) کو پورے ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار دیتے ہوئے گولڈن بال ایوارڈ دیا گیا۔ اسپین کے ہی گول کیپر اونائی سیمون (Unai Simón) نے شاندار کارکردگی پر گولڈن گلوو ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ نوجوان دفاعی کھلاڑی پاؤ کوبارسی (Pau Cubarsí) کو ٹورنامنٹ کا بہترین نوجوان کھلاڑی قرار دیا گیا۔
فائنل کے ہیرو فیران ٹوریس (Ferran Torres) کو فیصلہ کن گول کرنے پر “مین آف دی میچ” کا اعزاز بھی دیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے نہ صرف 2026 فیفا ورلڈ کپ کی ٹرافی اپنے نام کی بلکہ ٹیم نے اجتماعی طور پر ٹورنامنٹ پر مکمل غلبہ ثابت کرتے ہوئے تقریباً تمام بڑے انفرادی اعزازات بھی حاصل کر لیے۔









