بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

گوگل کی اسٹوریج پالیسی میں بڑی تبدیلی، اینڈرائیڈ فون بیک اپ بھی کوٹے میں شامل ہوگا

گوگل نے اپنی اکاؤنٹ اسٹوریج پالیسی میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے صارفین کو آگاہ کیا ہے کہ اب اینڈرائیڈ فونز کا کلاؤڈ بیک اپ بھی گوگل اکاؤنٹ کی مجموعی اسٹوریج کا حصہ شمار کیا جائے گا۔

اس سے قبل گوگل اکاؤنٹ کی اسٹوریج میں صرف گوگل فوٹوز کی تصاویر اور ویڈیوز، گوگل ڈرائیو میں محفوظ فائلیں اور جی میل کی ای میلز شامل ہوتی تھیں، تاہم نئی پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ فون کا بیک اپ ڈیٹا بھی اسی اسٹوریج میں شمار کیا جائے گا۔

گوگل نے اس تبدیلی سے متعلق صارفین کو ای میل کے ذریعے مطلع کرتے ہوئے 45 روز کا نوٹس دیا ہے، جس کے بعد نئی پالیسی نافذ کر دی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق نئی پالیسی کے تحت اینڈرائیڈ فون کی سسٹم سیٹنگز، ایپلیکیشنز کا ڈیٹا، ایس ایم ایس پیغامات، کال ہسٹری اور دیگر بیک اپ فائلیں بھی گوگل اکاؤنٹ کی دستیاب اسٹوریج استعمال کریں گی۔

گوگل کا کہنا ہے کہ اس پیشگی نوٹس کا مقصد صارفین کو اپنی اسٹوریج منظم کرنے، غیر ضروری فائلیں حذف کرنے یا بیک اپ سیٹنگز میں ضروری تبدیلیاں کرنے کے لیے مناسب وقت فراہم کرنا ہے۔

کمپنی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اینڈرائیڈ بیک اپ کی وجہ سے اکاؤنٹ کی اسٹوریج مقررہ حد سے تجاوز کر گئی تو صارفین کو اضافی جگہ حاصل کرنے کے لیے یا تو غیر ضروری ڈیٹا حذف کرنا ہوگا یا پھر ماہانہ فیس کے عوض زیادہ اسٹوریج والا گوگل پلان خریدنا ہوگا۔

اس حوالے سے گوگل کے ایک ترجمان نے بتایا تھا کہ اوسطاً اینڈرائیڈ بیک اپ کے لیے تقریباً 40 ایم بی اسٹوریج استعمال ہوگی، جبکہ صارفین کو یہ اختیار بھی دیا جائے گا کہ وہ خود منتخب کریں کہ کن ایپس اور کس ڈیٹا کا بیک اپ محفوظ کیا جائے۔

واضح رہے کہ گوگل اس سے قبل بھی اپنی اسٹوریج پالیسی میں تبدیلیاں کر چکا ہے۔ مئی 2026 میں کمپنی نے نئے صارفین کے لیے مفت اسٹوریج کی حد 15 جی بی سے کم کرکے 5 جی بی کرنے کی آزمائش بھی شروع کی تھی۔