وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات میں کمی اور مالیاتی نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے مالی سال 2026-27 میں بھی کفایت شعاری پالیسی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ نے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف سرکاری اداروں میں اخراجات محدود رکھنے کے لیے متعدد اقدامات پر عمل درآمد جاری رہے گا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کفایت شعاری پالیسی کے تحت وفاقی حکومت میں تین سال سے زائد عرصے سے خالی تمام آسامیوں کو ختم کر دیا جائے گا۔ اس اقدام کا مقصد غیر ضروری مالی بوجھ کم کرنا اور سرکاری وسائل کا مؤثر استعمال یقینی بنانا ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ نئے مالی سال کے دوران نئی آسامیوں کی تخلیق پر پابندی برقراررہے گی، جبکہ سرکاری اداروں کے لیے نئی گاڑیوں کی خریداری پر بھی پابندی عائد رہے گی۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ معاشی حالات میں اخراجات پر سخت کنٹرول ناگزیر ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کفایت شعاری اقدامات کا مقصد مالی خسارے میں کمی، سرکاری وسائل کے مؤثر استعمال کو یقینی بنانا اور معاشی استحکام کی حکومتی پالیسی کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی کے ساتھ ساتھ سرکاری اداروں میں انتظامی کارکردگی بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ عوامی وسائل کا زیادہ سے زیادہ فائدہ حاصل کیا جا سکے۔
وزارت خزانہ نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور متعلقہ اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ جاری کفایت شعاری پالیسی پر مکمل عمل درآمد یقینی بنائیں اور غیر ضروری اخراجات سے حتیٰ الامکان گریز کریں۔
حکومتی حکام کے مطابق معاشی استحکام، مالیاتی نظم و ضبط اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے آئندہ بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھے جائیں گے، جبکہ ضرورت کے مطابق ان پالیسیوں کا وقتاً فوقتاً جائزہ بھی لیا جائے گا۔









