اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں پاکستان کے جدید ترین اسکائی 47 ڈیٹا سینٹر “قراقرم ون کا باضابطہ افتتاح کر دیا، جسے ملک میں مصنوعی ذہانت (AI)، کلاؤڈ کمپیوٹنگ، ڈیٹا ہوسٹنگ اور جدید ڈیجیٹل خدمات کے فروغ کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
افتتاحی تقریب میں وفاقی وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام، آئی ٹی ماہرین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کو منصوبے کی تکنیکی صلاحیتوں اور مستقبل کے اہداف سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسکائی 47 منصوبہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل اور قومی سلامتی کے لیے سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ یہ منصوبہ ملک کو مضبوط ڈیجیٹل انفراسٹرکچر فراہم کرے گا اور حساس قومی ڈیٹا کے تحفظ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قوم اگر امید، عزم اور اتحاد کے ساتھ چیلنجز کا مقابلہ کرے تو بڑے سے بڑا ہدف بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق جیسے تاریخی کارنامے اسی جذبے اور اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ میں ان کا وژن قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت کی جانب تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے ایسے مزید منصوبوں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اگر تمام قومی ادارے اور متعلقہ شعبے متحد ہو کر کام کریں تو پاکستان جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل خدمات کے میدان میں نمایاں مقام حاصل کر سکتا ہے، جبکہ اسکائی 47 “قراقرم ون اس سفر میں ایک مضبوط بنیاد ثابت ہوگا۔









