نابلس شہر کے جنوب میں واقع قصبے قصرہ کے میئر عبدالعظیم وادی نے بتایا کہ آبادکاروں نے قصبے کے جنوبی حصے میں زیر تعمیر مسجد کو نذرِ آتش کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حملہ آوروں نے مسجد کی دیواروں پر عبرانی زبان میں نعرے بھی تحریر کیے، جن میں ’انتقام‘ کا لفظ شامل تھا۔
فلسطینی وزارتِ مذہبی امور کے مطابق اسرائیلی آبادکاروں نے طولکرم کے قریب واقع گاؤں کور میں بھی ایک مسجد کو آگ لگائی اور اس کی دیواروں پر نسل پرستانہ نعرے لکھے۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز گاؤں تل میں اسرائیلی آبادکاروں اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں 4 فلسطینی شہید اور 2 اسرائیلی ہلاک ہو گئے تھے۔
اسرائیلی آرمی ریڈیو کے مطابق 2026 کے ابتدائی 6 ماہ میں آبادکاروں کی جانب سے فلسطینیوں پر حملوں میں 63 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں 660 واقعات پیش آئے، جبکہ 2025 کے اسی عرصے میں یہ تعداد 405 تھی۔
مزید پڑھیں:کویت پاکستان دفاعی معاہدے کی باضابطہ منظوری، سرکاری گزٹ میں شائع
اکتوبر 2023 سے اب تک مقبوضہ مغربی کنارے میں کم از کم 1185 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جن میں 250 بچے شامل ہیں، صرف 2026 میں اب تک کم از کم 87 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں 21 افراد آبادکاروں کے ہاتھوں شہید ہوئے۔









