بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

یوکرین کو جہاز پر حملے کا جواب دیا جائے گا، ایران کی دھمکی

ایران کے وزیرخارجہ نے اقوام متحدہ، یورپی یونین اور عالمی برادری سے یوکرین کے حملے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ایران نے یوکرین کو دھمکی دی ہے کہ بحیرہ کیسپین پر جہاز پر حملے کا جواب دیا جائے گا۔

ایرانی خبرایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر علی نیکزاد نے اعلان کیا کہ یوکرین کے غیرذمہ دارانہ اقدام کو جواب دیے بغیر نہیں چھوڑا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ ایران اپنی سرحدی خودمختاری کے دفاع کے اپنے قانونی حق کو بدستور برقرار رکھے گا اور کسی بھی مقام سے ایران کی سرزمین پر حملہ ہوگا اس سے فوجی ہدف کے لیے جائز تصور کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز یوکرین کے صدر زیلنسکی نے بیان میں دعویٰ کیا تھا کہ ان کی افواج نے روسی جنگی جہاز کو نشانہ بنایا ہے اور بحیرہ کیسپیئن میں ایران کے جہاز کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے، جس کی ایرانی وزارت خارجہ نے تصدیق کی تھی۔

ایران میں یوکرین کے سفارت خانے میں تعینات ناظم الامور سے ایرانی وزارت خارجہ نے احتجاج کیا تھا اور اس اقدام کو دشمنی پر مبنی اور مجرمانہ قرار دیا تھا۔یہ حملہ اقوام متحدہ کے چارٹر کی شق 2 چار کی خلاف ورزی ہے اور جارحیت کے اس اقدام کی وجہ سے کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ نے بھی کہا تھا کہ ایران اپنے مفادات اور سلامتی کے دفاع کے لیے بین الاقوامی قانون کی روشنی میں اقدامات کرے گا۔بعد ازاں ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یوکرین کے فوجی حملے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل، یورپی یونین اور عالمی برادری کی جانب سے فیصلہ کن جواب دیا جائے۔

مزید پڑھیں:ممتازپاکستانی سائنسدان پرویز بٹ کا انتقال ، وزیراعلیٰ سندھ کا اظہارِ افسوس

عباس عراقچی نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کایا کیلاس سے ٹیلی فون پر بات کرتے ہوئے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا تھا کہ اس مجرمانہ عمل کے سہولت کاروں اور حامیوں کو انصاف کے کٹہرے پر کھڑا کیا جائے۔