بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایکس نے امریکا میں نئی مالیاتی سروس متعارف کرا دی، صارفین کو بینکنگ سہولیات ایپ میں دستیاب ہوں گی

واشنگٹن: سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) نے امریکا بھر میں اپنی نئی مالیاتی سروس ایکس منی متعارف کرا دی ہے، جس کے بعد پریمیم صارفین کو ایک ہی پلیٹ فارم پر سوشل میڈیا کے ساتھ ساتھ مختلف مالیاتی سہولیات بھی دستیاب ہوں گی۔

کمپنی کے مطابق 28 جولائی سے ایکس منی سروس امریکا میں تمام پریمیم اور پریمیم پلس سبسکرائبرز کے لیے فعال کردی گئی ہے۔ اس اقدام کو کمپنی کے مالک ایلون مسک کے اس منصوبے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس کے تحت وہ ایکس کو مکمل ’ایوری تھنگ ایپ‘ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔

ابتدائی طور پر محدود صارفین کے ساتھ آزمائش کے بعد اب یہ سہولت بڑے پیمانے پر متعارف کرائی گئی ہے۔ ایکس منی کے ذریعے صارفین رقم محفوظ رکھنے، بغیر ٹرانسفر فیس کے ایک دوسرے کو رقم بھیجنے، بلوں کی ادائیگی، وائر ٹرانسفر اور دیگر مالیاتی خدمات حاصل کر سکیں گے۔

کمپنی نے صارفین کے لیے ویزا ڈیبٹ کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، جسے عام بینک کارڈ کی طرح استعمال کیا جا سکے گا۔ ایکس کے مطابق صارفین کو ان سہولیات کے لیے الگ بینکنگ ایپ استعمال کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، کیونکہ تمام خدمات ایکس پلیٹ فارم کے اندر ہی دستیاب ہوں گی۔

ایکس نے بتایا ہے کہ صارفین کی رقوم کراس ریور بینک میں محفوظ رکھی جائیں گی، جو امریکی فیڈرل ڈپازٹ انشورنس کارپوریشن (FDIC) کا رکن بینک ہے۔ اس کے تحت صارفین کے ڈپازٹس کو 250 ہزار ڈالر تک وفاقی انشورنس تحفظ حاصل ہوگا۔

کمپنی نے مزید بتایا کہ کیش سوئپ پروگرام کے تحت مخصوص شرائط پوری ہونے پر صارفین کی رقوم مختلف شراکت دار بینکوں میں تقسیم کی جا سکتی ہیں، جس سے مجموعی طور پر ایک کروڑ ڈالر تک ایف ڈی آئی سی تحفظ حاصل کرنے کی سہولت ممکن ہوسکتی ہے۔

ایکس کے مطابق پریمیم پلس صارفین اہل ڈپازٹس پر فوری طور پر 6 فیصد سالانہ منافع (اے پی وائی) حاصل کر سکیں گے، جبکہ پریمیم صارفین مقررہ ڈائریکٹ ڈپازٹ شرائط پوری کرنے کے بعد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

ماہرین کے مطابق ایکس منی کا مقصد وینمو، کیش ایپ اور صوفی جیسی معروف مالیاتی ٹیکنالوجی کمپنیوں سے مقابلہ کرنا ہے، جس سے ڈیجیٹل بینکنگ کے شعبے میں مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔