بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

فلسطینی اتھارٹی نہ حماس، غزہ میں ٹیکنوکریٹ حکومت پر غور، امریکی حکام

بورڈ آف پیس کے غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کے معاہدے کے بعد امریکی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ میں فلسطینی اتھارٹی اور حماس کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت پر غور جاری ہے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ منصوبے پر اسرائیل کے ساتھ قریبی رابطہ ہے، اسرائیل کو اب بھی حماس کے غیر مسلح ہونے پر شکوک ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق حماس سے معاہدہ تمام شرائط پوری ہونے سے مشروط ہوگا، غزہ کی تعمیر نو کی نگرانی بورڈ آف پیس کرے گا، اسرائیل نے معاہدہ نہ مانا تو صدر ٹرمپ مایوس ہوں گے۔

امریکی حکام کا کہنا ہے کہ امریکا کو یقین ہے اسرائیل معاہدے کی شرائط پر عمل کرے گا،غزہ میں فلسطینی اتھارٹی اور حماس کے بجائے ٹیکنوکریٹ حکومت پر غور جاری ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ بورڈ آف پیس نے غزہ میں حماس کے غیر مسلح ہونے کا معاہدہ کرلیا۔جیسے ہی غزہ کو غیر مسلح کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج واپس چلی جائیں گی۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ معاہدہ غزہ میں نئی فلسطینی حکومت کے قیام کی جانب اہم قدم ہے، معاہدہ مرحلہ وار اور منظم طریقے سے نافذ کیا جائے گا، بین الاقوامی استحکام فورس فلسطینی پولیس کےساتھ مل کرغزہ کی ذمہ داری سنبھالےگی۔

مزید پڑھیں:حکومت نے پٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا کردیا،نوٹیفکیشن جاری

دوسری جانب بورڈ آف پیس کے مطابق غزہ میں تمام عسکری سرگرمیاں بند کرنا منصوبے کا لازمی حصہ ہوگا، منصوبے کی شرائط دو ہفتوں میں جاری کی جائیں گی، اسرائیلی فوج کا انخلا مرحلہ وار ہوگا۔