بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

سندھ میں تمام بھرتیاں میرٹ پر، مفتاح کے صدر پر الزامات غیر ذمہ دارانہ، ضیا لنجار

وزیر داخلہ و قانون سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے صدر آصف علی زرداری پر سندھ پولیس کی بھرتیوں سے متعلق عائد کیے گئے الزامات کو سختی سے مسترد کرتے ہیں۔

مفتاح اسماعیل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ضیالنجار نے کہا سندھ اور بالخصوص کراچی میں تمام سرکاری بھرتیاں مقررہ قوانین، کوٹہ پالیسی اور میرٹ کے مطابق کی جاتی ہیں، سندھ پولیس ایک پیشہ ور، غیر جانبدار اور میرٹ پر قائم ادارہ ہے، سندھ حکومت شہریوں کے درمیان زبان، نسل، علاقے یا برادری کی بنیاد پر کسی بھی قسم کے امتیاز پر یقین نہیں رکھتی۔

وزیرداخلہ نے کہا صدر آصف زرداری کو کسی ایک صوبے، زبان یا قومیت تک محدود کرنا حقائق کے منافی اور قومی یکجہتی کے خلاف ہے۔ صدر آصف علی زرداری پوری وفاقی اکائیوں کی نمائندہ شخصیت ہیں اور پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی حقیقی وفاقی جماعت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مفتاح اسماعیل ایک ذمہ دار سیاسی رہنما ہونے کے ناطے بے بنیاد الزامات اور لسانی تقسیم کو ہوا دینے والے بیانات سے گریز کریں، اگر مفتاح اسماعیل کے پاس کسی مخصوص بھرتی سے متعلق شواہد موجود ہیں تو وہ متعلقہ قانونی اور انتظامی فورم پر پیش کریں، عمومی الزام تراشی سیاسی ذمہ داری کے منافی ہے۔

مزید پڑھیں:جدہ میں ’’یوم استحقاق کشمیر‘‘ تقریب، بھارتی مذمت، دستاویزی فلم دکھائی گئی

وزیرداخلہ نے کہا مفتاح اسماعیل حقائق کے منافی اور غیر ذمہ دارانہ بیان کی وضاحت کریں اور اسے واپس لیں۔