آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے تیسرے مرحلے کے غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، سابق وزیر اعظم سردار عتیق (Attique Ahmed Khan)الیکشن ہار گئے۔
آزاد کشمیر کے ضلع باغ اور حویلی کی 4 نشستوں پر ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہی، جس کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے۔
انتخابات کے تیسرے مرحلے کی پولنگ کے بعد ہونے والی ووٹوں کی گنتی میں اب تک کے غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق سابق وزیر اعظم سردار عتیق کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
انتخابی شیڈول میں تبدیلی کے بعد تیسرے مرحلے کے لیے 4 اضلاع کے 7 حلقوں میں پولنگ ہونا تھی، تاہم نئے شیڈول کے تحت باغ کے 3 اور حویلی کے ایک حلقے میں انتخابات کرائے جارہے ہیں، جبکہ پونچھ کے 5 اور سدھنوتی کے دو حلقوں میں پولنگ مؤخر کردی گئی ہے۔
ایل اے 14 باغ ون کا مکمل نتیجہ
ایل اے 14 باغ ون کے تمام 214 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق جموں و کشمیر عوامی دست و بازو کے امیدوار ساجد اقبال 40474 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں۔
غیر سرکاری نتیجے کے مطابق ان کے مدمقابل آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے امیدوار سابق وزیر اعظم سردار عتیق 19234 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ایل اے 15 باغ ٹو :
ایل اے 15 باغ 2 کے 123 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے ضیاالقمر 17025 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ مسلم لیگ کے مشتاق منہاس 15063ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
ایل اے 16 باغ تھری :نتائج روک لیے
ایل اے 16 باغ تھری کے 174 پولنگ اسٹیشنز کے اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے سردار میر اکبر خان 18950 ووٹ لے کر آگے جبکہ پیپلزپارٹی کے سردار قمر الزمان خان 15750 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔
مزیدپڑھیں:حکومت کا عام تعطیل کا اعلان، ایک ساتھ 3 چھٹیاں ملیں گی
اطلاعات کے مطابق ایل اے 16 باغ تھری کے 12 پولنگ اسٹیشنز میں دوبارہ پولنگ ہوگی، الیکشن کمیشن نے دوبارہ پولنگ تک ایل اے 16 باغ تھری کے مکمل نتائج روک لیے ہیں، واضح رہے کہ بعض پولنگ اسٹیشن پر تصادم اور کچھ پر ووٹرز کے بائیکاٹ کے باعث پولنگ روک دی گئی تھی۔
ایل اے 17 حویلی کا مکمل نتیجہ
ایل اے 17 حویلی کہوٹہ کے تمام 190 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیرحتمی نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے فیصل ممتاز راٹھور 31839 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے ہیں جبکہ ان کے مد مقابل مسلم لیگ ن کے محسن عزیز 28975 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل انتخابات کے پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 میں سے 9 نشستوں پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق ن لیگ نے کامیابی حاصل کی جبکہ چار سیٹوں پر پیپلز پارٹی کے امیدوار کامیاب قرار پائے۔
اسی طرح دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے مجموعی طور پر 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستوں پر کامیاب حاصل کی۔








