بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پاکستان میں ایپل صارفین کے لیے بڑا سرپرائز، کیا ایپل میوزک اور ایپل پے آ رہا ہے؟

پاکستان میں آئی فون(IPhone) صارفین کے لیے ایپل کی دو اہم سروسز کے حوالے سے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ایپل میوزک پہلی بار پاکستانی ریجن میں مقامی کرنسی کے ساتھ سبسکرپشن پلینز دکھا رہا ہے، جبکہ ایپل پے کے حوالے سے بھی آئی او ایس 27 کے بیٹا ورژن میں سامنے آنے والی معلومات نے پاکستان میں اس سروس کی آمد کی امید پیدا کر دی ہے۔
گذشتہ چند روز کے دوران پاکستان کی ایپل صارفین کی آن لائن کمیونٹی میں متعدد افراد نے ایپل میوزک کے پاکستانی ریجن میں ظاہر ہونے کی تصدیق کی۔
ایپل میوزک کی پاکستانی ریجن پر خود تصدیق کرنے سے بھی یہ بات سامنے آئی کہ سروس کے سبسکرپشن پلان اب پاکستانی روپے میں نظر آ رہے ہیں۔
تاہم یہ ابھی ایپل کی جانب سے پاکستان میں ایپل میوزک کے مکمل اور باضابطہ لانچ کا اعلان نہیں ہے۔ اس وقت سروس کا رول آؤٹ بظاہر ابتدائی مرحلے میں ہے اور صارفین کو ادائیگی اور میوزک چلانے سمیت مختلف مسائل کا سامنا ہے۔
پاکستانی صارفین کو ایپل میوزک میں کیا نظر آ رہا ہے؟
پاکستانی ایپل آئی ڈی اور پاکستان ریجن کے ساتھ ایپل میوزک کھولنے پر بعض صارفین کو اب مقامی قیمتوں کے ساتھ سبسکرپشن پلان نظر آ رہے ہیں۔
ایپل میوزک کا انڈیویجول پلان 379 روپے ماہانہ جبکہ فیملی پلان 649 روپے ماہانہ میں دکھایا جا رہا ہے۔

اس کے ساتھ ایک ماہ کی مفت آزمائش بھی دی جا رہی ہے، جس کے بعد سبسکرپشن خودکار طور پر ماہانہ فیس کے ساتھ جاری رہے گی۔
اہم بات یہ ہے کہ یہ قیمت کسی دوسرے ملک کے ریجن کی نہیں بلکہ پاکستانی روپے میں ظاہر ہو رہی ہے، جس سے واضح ہوتا ہے کہ ایپل نے پاکستان کے لیے اپنی سبسکرپشن سروس کے نظام میں عملی تبدیلیاں شروع کر دی ہیں۔
لیکن ایپل میوزک ابھی مکمل طور پر نہیں چل رہا۔ ایپل میوزک کی سبسکرپشن کا آپشن نظر آنے کے باوجود سروس ہر صارف کے لیے مکمل طور پر فعال نہیں ہوئی۔
کچھ صارفین جب سبسکرپشن لینے کی کوشش کرتے ہیں تو ادائیگی کے مرحلے پر ’اَن ایبل ٹو پراسیس یور ریکوئسٹ‘ کا پیغام آ جاتا ہے، یعنی درخواست پر کارروائی نہیں ہو پاتی۔

دوسری جانب کچھ صارفین نے بتایا ہے کہ ان کی ادائیگی کامیاب بھی ہو گئی، لیکن اس کے بعد ایپل میوزک مکمل طور پر فعال نہیں ہوا۔ بعض صارفین کے لیے گانے نہیں چل رہے، جبکہ ایپ کے اندر میوزک کیٹلاگ اور چارٹس سمیت مختلف حصوں میں بھی خرابی سامنے آ رہی ہے۔
یہ صورتِ حال اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ ایپل نے پاکستان میں ایپل میوزک کا سبسکرپشن نظام فعال کرنا شروع کر دیا ہے، لیکن سروس کا مکمل بیک اینڈ اور تمام فیچرز ابھی پوری طرح فعال نہیں کیے گئے۔

مزیدپڑھیں:’وہ تو بہن سمجھ کر جواب دیتے تھے‘، ڈاکٹر نبیحہ نے شوہر کو کلین چٹ دے کر ملبہ ’دوسری لڑکیوں‘ پر گرا دیا
یعنی پاکستان میں ایپل میوزک کی آمد کے آثار اب محض افواہ نہیں رہے، لیکن سروس ابھی مکمل طور پر فنکشنل بھی نہیں ہوئی۔
ایپل میوزک کب مکمل طور پر دستیاب ہوگا؟
ایپل نے تاحال پاکستان میں ایپل میوزک کے باضابطہ لانچ کی کوئی تاریخ جاری نہیں کی۔
یہ پیش رفت آئی او ایس 27 کے جاری بیٹا مرحلے کے دوران سامنے آئی ہے۔ اسی لیے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایپل پاکستان میں اپنی میوزک سروس کو مرحلہ وار فعال کر رہا ہے۔
ستمبر میں آئی او ایس 27 کی بڑی اپ ڈیٹ کے بعد اس سروس کی دستیابی مزید بہتر ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، جبکہ ممکن ہے کہ رواں سال کے اختتام تک ایپل میوزک پاکستان میں مکمل طور پر فعال ہو جائے۔
البتہ یہ ابھی ایک امکان ہے، ایپل کی جانب سے اس حوالے سے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔

قیمت کے اعتبار سے ایپل میوزک کہاں کھڑا ہوگا؟
پاکستانی مارکیٹ میں ایپل میوزک کی 379 روپے ماہانہ قیمت اسے پہلے سے موجود میوزک سٹریمنگ سروسز کے بہت قریب لے آتی ہے۔
اس وقت سپاٹی فائی کا انڈیویجول پریمیم پلان 349 روپے ماہانہ ہے، یعنی ایپل میوزک اس سے صرف 30 روپے مہنگا ہوگا۔
دوسری جانب یوٹیوب پریمیم کا انڈیویجول پلان بھی 379 روپے ماہانہ ہے، جس کے ساتھ یوٹیوب میوزک کے علاوہ یوٹیوب پر اشتہارات کے بغیر ویڈیوز سمیت دیگر سہولیات بھی ملتی ہیں۔

ایپل میوزک کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں لاس لیس آڈیو اور ڈولبی ایٹموس سپیشل آڈیو جیسی سہولیات بھی شامل ہیں، جن کے لیے الگ فیس نہیں لی جاتی۔
اس کے علاوہ آئی فون، ایئر پوڈز، ایپل واچ، کار پلے اور ایپل کے دوسرے آلات کے ساتھ ایپل میوزک کا براہِ راست انضمام اسے پاکستان میں پہلے سے موجود سروسز کے مقابلے میں ایک خاص فائدہ دے سکتا ہے۔
ایپل پے کے بارے میں کیا پتا چلا؟
ایپل میوزک کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ایپل پے کی آمد کے حوالے سے بھی بحث تیز ہو گئی ہے۔
پاکستان کی بڑی ایپل کمیونٹیز میں سے ایک ایپل کمیونٹی اِن پاکستان کے ایڈمن عباس محمد نے ایک پوسٹ میں کہا کہ آئی او ایس 27 بیٹا 5 میں ایسے کوڈز نظر آئے ہیں جو پاکستان کے مقامی ادائیگی کے نیٹ ورک ‘پے پاک’ کی موجودگی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔
ان کی جانب سے شیئر کیے گئے کوڈ میں ‘نیٹ ورک نیم پے پاک’ اور ‘نیٹ ورک نیم پے پاک کارڈ نیم’ جیسے حوالوں کے ساتھ پے پاک اور پے پاک کارڈ درج ہے۔
یہ معلومات اس لیے اہم ہیں کہ ایپل پے کے لیے کسی ملک کے مقامی کارڈ نیٹ ورک کا ایپل کے نظام میں شامل ہونا اس ملک میں سروس کی تیاری کا ایک اہم تکنیکی اشارہ ہو سکتا ہے۔
یعنی اگر ایپل پاکستان کے لیے پے پاک کو اپنے ادائیگی کے نظام میں شامل کر رہا ہے تو مستقبل میں پاکستانی پے پاک کارڈز کو ایپل والیٹ میں شامل کرنے اور آئی فون یا ایپل واچ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت فراہم کرنے کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔

کیا اس کا مطلب ہے کہ ایپل پے پاکستان میں آ رہا ہے؟
یہاں ایک فرق سمجھنا ضروری ہے۔ پے پاک سے متعلق کوڈ کا سامنے آنا ایپل پے کے پاکستان میں لانچ ہونے کی تصدیق نہیں ہے۔ یہ ضرور ایک اہم اشارہ ہے کہ ایپل پاکستان کے لیے اپنے ادائیگی کے نظام پر کام کر رہا ہو سکتا ہے، لیکن ایپل نے ابھی پاکستان میں ایپل پے کے باضابطہ آغاز کا اعلان نہیں کیا۔
اگر یہ سروس لانچ ہوتی ہے تو پاکستانی آئی فون صارفین ممکنہ طور پر اپنے معاون بینک کارڈز کو ایپل والیٹ میں شامل کرکے این ایف سی والے ٹرمینلز پر آئی فون یا ایپل واچ کے ذریعے براہِ راست ادائیگی کر سکیں گے۔
ایپل کے لیے پاکستان میں یہ پیش رفت کیوں اہم ہے؟
ایپل میوزک اور ممکنہ طور پر ایپل پے کی پاکستان میں آمد صرف دو نئی سروسز کا اضافہ نہیں ہوگی، بلکہ یہ ایپل کی جانب سے پاکستان کو اپنے مقامی ڈیجیٹل سروسز کے نظام میں شامل کرنے کی بڑی پیش رفت ہوگی۔
کئی سال سے پاکستانی آئی فون صارفین ایپل کی متعدد سروسز استعمال تو کر رہے ہیں، لیکن مقامی سبسکرپشن اور ادائیگی کے نظام کی سہولت محدود رہی ہے۔
اب پہلی بار ایپل میوزک کے لیے پاکستانی روپے میں باقاعدہ قیمتیں دکھائی دینا، مقامی ادائیگیوں کا نظام فعال ہونا اور پے پاک سے متعلق کوڈ کا سامنے آنا اس بات کے اشارے ہیں کہ پاکستان کے لیے ایپل کی حکمتِ عملی میں تبدیلی آ رہی ہے۔
فی الحال صورتحال یہ ہے کہ ایپل میوزک پاکستان میں آنا شروع ہو گیا ہے، لیکن ابھی مکمل طور پر فنکشنل نہیں ہوا، جبکہ ایپل پے کے حوالے سے بھی اہم تکنیکی شواہد سامنے آئے ہیں مگر باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔
اگر آنے والے مہینوں میں یہ دونوں سروسز مکمل طور پر فعال ہو جاتی ہیں تو پاکستان میں ایپل کے صارفین کے لیے یہ کئی برسوں بعد سب سے بڑی تبدیلیوں میں سے ایک ہوگی۔