اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ہماری ریڈ لائن ہے، ہم جنگ نہیں بلکہ امن چاہتے ہیں، تاہم امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔
اسلام آباد میں معرکۂ حق میں پاکستان کی کامیابی کی یاد میں قائم یادگارِ فتح کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ یادگارِ فتح کے سائے میں پوری قوم کو جشنِ آزادی مبارک ہو۔ قائداعظم محمد علی جناح نے قوم کو غلامی کے اندھیروں سے نجات دلا کر آزادی دلائی۔ معرکۂ حق میں کامیابی پر پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، جبکہ یادگارِ فتح افواجِ پاکستان کی برتری اور قومی عزم کی علامت ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج دلوں میں جذبات کا سمندر ٹھاٹے مار رہا ہے۔ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق میں قوم کا سر فخر سے بلند ہوا اور دشمن کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان کے پانی کی ایک ایک بوند ریڈ لائن ہے بھارت راہ راست پر نہ آیا تو اسے براہِ راست جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا بلکہ امن کا خواہاں ہے، لیکن امن کی خواہش کو کسی صورت کمزوری نہ سمجھا جائے۔
انہوں نے کہا کہ قوم متحد ہو تو کوئی طاقت اسے شکست نہیں دے سکتی۔ پاکستان کی طرف کوئی میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہ کرے۔ پاکستان کے ہم سب وارث ہیں اور ہمارے باہمی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل نہیں ہونا چاہیے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں استحکام کی علامت بن چکا ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ دنیا نئے تنازعات سے محفوظ رہے۔ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کے لیے ثالثی کا کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ترکیہ بھی مکہ دفاعی معاہدے کا حصہ بن چکا ہے، جبکہ مکہ دفاعی معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی علامت ہے۔
وزیراعظم نے فلسطینی عوام کے حقوق کے لیے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام کے لیے پاکستان کا مؤقف دوٹوک ہے اور کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
شہباز شریف نے افغانستان کی حکومت کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی سرزمین کو دہشت گردی کے لیے استعمال ہونے سے روکے۔
وزیراعظم نے پاک بھارت جنگ بندی کے حوالے سے امریکی کردار کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان اور بھارت کے درمیان بروقت جنگ بندی کرائی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں پاکستان اور امریکا کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ بندی کے ذریعے لاکھوں انسانی جانیں بچائی گئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امن، استحکام اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا، تاہم ملکی سلامتی، خودمختاری اور آبی وسائل کے تحفظ پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔









