بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ٹرمپ اور ایلون مسک کے درمیان صلح ہوگئی، دوبارہ رابطے بحال

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور معروف ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک کے درمیان گزشتہ برس کے شدید سیاسی اور ذاتی اختلافات کے بعد ایک بار پھر رابطے بحال ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ اور ایلون مسک اب تقریباً ہر ماہ ایک مرتبہ گفتگو کرتے ہیں، جس کے دوران ٹیکنالوجی، چین اور عالمی امور سمیت مختلف معاملات پر تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان تعلقات میں بہتری کو سیاسی مفادات اور باہمی ضرورت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔

رواں سال مئی میں ایلون مسک کا صدر ٹرمپ کے ہمراہ چین کا سفر بھی دونوں کے تعلقات میں بہتری کی اہم علامت قرار دیا گیا۔ سفر کے دوران ایلون مسک نے امریکا میں نئی فیکٹریاں قائم کرنے کے منصوبوں پر صدر ٹرمپ سے گفتگو کی، جبکہ دونوں کے درمیان خلائی پروگرام اور دیگر ذاتی و سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

دوسری جانب ایلون مسک نے نومبر میں ہونے والے امریکی وسط مدتی انتخابات میں ریپبلکن پارٹی کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ایلون مسک کا سپر پی اے سی ریپبلکن امیدواروں اور ووٹر ٹرن آؤٹ بڑھانے کی مہم کے لیے کم از کم 100 ملین ڈالر خرچ کرے گا، جبکہ بعض رپورٹس میں یہ رقم 120 ملین ڈالر تک پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 2024 کے امریکی صدارتی انتخابات میں ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ کی بھرپور مالی اور سیاسی حمایت کی تھی اور ان کی انتخابی کامیابی کے لیے بڑی رقم خرچ کی تھی۔ ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد ایلون مسک نے وائٹ ہاؤس میں بھی اہم کردار ادا کیا، تاہم بعد ازاں دونوں کے درمیان شدید اختلافات پیدا ہوگئے تھے۔

جون 2025 میں اختلافات اس وقت کھل کر سامنے آئے جب ایلون مسک نے ٹرمپ انتظامیہ کے ایک اہم ٹیکس اور اخراجات کے قانون پر تنقید کی۔ اس کے بعد دونوں شخصیات نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف سخت بیانات دیے۔

ایلون مسک کی جانب سے ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد تنازع مزید شدت اختیار کر گیا تھا اور دونوں کے درمیان سیاسی و ذاتی تعلقات شدید متاثر ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق اب دونوں کے درمیان رابطے بحال ہونے کے باوجود صدر ٹرمپ کا خیال ہے کہ سابقہ جیسی ذاتی قربت دوبارہ قائم ہونا مشکل ہے۔

تاہم سیاسی تعاون کی بحالی اور امریکی انتخابات میں ریپبلکن امیدواروں کے لیے ایلون مسک کی مالی حمایت سے ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں نے اپنے اختلافات کو ایک حد تک پسِ پشت ڈال کر باہمی سیاسی مفادات کو ترجیح دینا شروع کردی ہے۔