لاہور(نیوزڈیسک)پاکستان تحریک انصاف اور ق لیگ کے مشترکہ امیدوار سبطین خان 185 ووٹ لے کر اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہوگئے، ان کے مخالف اپوزیشن اتحاد کے سیف الملوک کھوکھر نے 175 ووٹ حاصل کئے، ان کے 4 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔ حمزہ شہباز شریف نے اسپیکر کا انتخاب عدالت میں چیلنج کرنے کا اعلان کردیا۔
اسپيکر پنجاب اسمبلی کے انتخاب کیلئے پولنگ مکمل ہونے کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع ہوا تو حکومت نے 4 بيلٹ پیپرز غائب ہونے جبکہ اپوزيشن نے بیلٹ پیپر پر سیریل نمبر کی موجودگی کا الزام لگايا۔
پاکستان تحریک انصاف کے سبطین خان نے 185 ووٹ حاصل کئے، سیف الملوک کھوکھر کو 179 ووٹ ملے تاہم ان کے 4 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔
نومنتخب اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے اپنے عہدے کا حلف لے لیا، ان سے پینل آف چیئرمین وسیم خان بادوزئی نے حلف لیا۔
چودھری پرویز الٰہی کے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد اسپیکر پنجاب اسمبلی کا عہدہ خالی ہوا تھا۔
مسلم لیگ ن کے رہنماء حمزہ شہباز شریف پنجاب اسمبلی اجلاس ختم ہونے سے پہلے ہی چلے گئے، انہوں نے اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کا انتخاب کل عدالت میں چیلنج کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز پر سیریل نمبر درج کئے گئے تھے، تاکہ پتہ چل سکے ووٹ کس کو کاسٹ کئے۔
پی ٹی آئی کے سبطین خان اسپیکر پنجاب اسمبلی منتخب، حلف اٹھالیا








