ترکیے نے غزہ امدادی فلوٹیلا روکنے پر نیتن یاہو کے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس کا مطالبہ کردیا۔
ترک خبررساں ایجنسی کے مطابق ترکیے کے وزیر انصاف اکِن گورلیک نے کہا ہے کہ ترکیے نے غزہ کے لیے انسانی امداد لے جانے والے گلو’’بل صمود فلوٹیلا‘‘ پر سوار کارکنوں پر حملے کے مقدمے کے سلسلے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کے خلاف بین الاقوامی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انٹرپول سے ریڈ نوٹس جاری کرنے کی باضابطہ درخواست کی ہے۔
ترک سوشل میڈیا پلیٹ فارم این سوشل پر جاری ایک بیان میں وزیر انصاف نے کہا کہ بین الاقوامی پانیوں میں پیش آنے والے اس واقعے کے حوالے سے استنبول کی 11ویں ہائی کرمنل کورٹ میں نیتن یاہو اور افیک ماسکووچ سمیت 35 ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 14 جولائی 2026 کو نیتن یاہو اور ماسکووچ کے خلاف نسل کشی کے الزامات پر جاری ہونے والے وارنٹ گرفتاری کے بعد وزارتِ انصاف نے وزارتِ داخلہ سے درخواست کی ہے کہ ان دونوں ملزمان کے خلاف انٹرپول کے ریڈ نوٹس کے حصول کے لیے کارروائی کی جائے۔ وزیر انصاف نے مزید کہا کہ اس سلسلے میں متعلقہ دستاویزات وزارتِ خارجہ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔
اکِن گورلیک کے مطابق نیتن یاہو اور ماسکووچ کے خلاف یہ مقدمہ بین الاقوامی پانیوں میں غزہ کو انسانی امداد فراہم کرنے والے شہریوں کے خلاف مسلح مداخلت اور کارکنوں کو حراست میں لینے کے مبینہ الزامات کے تحت چلایا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان الزامات میں انسانیت کے خلاف جرائم، نسل کشی، تشدد، املاک کو نقصان پہنچانا، اور دیگر جرائم شامل ہیں۔
ترک وزیر انصاف نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ ’ہم غزہ میں کیے گئے جرائم پر پردہ ڈالنے یا ان کے ذمہ داروں کو استثنیٰ کی آڑ میں بچنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے‘۔
مزید پڑھیں:جسٹس حسن اظہر رضوی نے وفاقی آئینی عدالت کے قائمقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا
رجب طیب اردگان کا مزید کہنا تھا کہ ’ہم ملکی اور بین الاقوامی قانون کے تحت دستیاب تمام ذرائع کو پورے عزم و استقامت کے ساتھ استعمال کریں گے‘۔









