بولی ووڈ اداکارہ دیپیکا پڈوکون(Deepika Padukone) اور فلمساز سندیپ ریڈی وانگا کے درمیان فلم ’اسپرٹ‘ سے علیحدگی کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں ہے۔ فلم سے الگ ہونے کے بعد اس کی مختلف وجوہات سامنے آتی رہی ہیں، لیکن اب ایک قریبی ذریعے نے دعویٰ کیا ہے کہ دیپیکا نے فلم میں کام کرنے کا فیصلہ سنجیدگی سے کبھی کیا ہی نہیں تھا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق اداکارہ کے قریبی ذریعے کا کہنا ہے کہ دیپیکا نے فلم کے ہدایت کار سندیپ ریڈی وانگا سے صرف ایک مرتبہ ملاقات کی تھی۔ اس ملاقات میں بھی سندیپ تقریباً ایک گھنٹہ دیر سے پہنچے اور دیپیکا نے اس کے باوجود پیشہ ورانہ انداز میں بات چیت جاری رکھی۔
ذریعے کے مطابق ملاقات کے دوران دیپیکا کو فلم کی مکمل کہانی نہیں سنائی گئی بلکہ صرف ایک لائن میں فلم کا خیال بتایا گیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ دیپیکا مکمل کہانی سنے بغیر کسی فلم کے لیے حامی نہیں بھرتیں، اس لیے ’اسپرٹ‘ کبھی ان کی سنجیدہ ترجیحات میں شامل نہیں ہوئی۔
ذریعے نے مزید دعویٰ کیا کہ دیپیکا مستقبل میں بھی سندیپ ریڈی وانگا کے ساتھ کام کرنے میں دلچسپی نہیں رکھتیں۔ اس نے کہا، ”سندیپ ریڈی وانگا ایسے فلم ساز ہیں جن کے ساتھ دیپیکا پڈوکون کبھی کام نہیں کریں گی، کیونکہ ان کے خیال میں ان کا خواتین کے بارے میں رویہ ایسا ہے جس سے وہ اتفاق نہیں کرتیں۔“
دیپیکا نے 2025 میں ’اسپرٹ‘ سے علیحدگی اختیار کی تھی۔ اس وقت مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ اداکارہ نے نئی ماں بننے کے بعد روزانہ آٹھ گھنٹے کام کرنے کی شرط رکھی تھی، جبکہ فلم کی ٹیم اس پر رضامند نہیں ہوئی۔ بعض رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا کہ دیپیکا فلم کے کچھ قریبی مناظر سے ناخوش تھیں۔
بعد میں فلم کے پروڈیوسر اور سندیپ ریڈی وانگا کے بھائی پرنائے ریڈی وانگا نے دعویٰ کیا کہ دیپیکا کے فلم چھوڑنے کی وجوہات میں معاوضہ اور کام کے اوقات کے علاوہ منافع میں 10 فیصد حصہ مانگنا بھی شامل تھا۔
پرنائے نے ایک انٹرویو میں کہا، ”ایک وجہ معاوضہ تھا اور دوسری وقت کا معاملہ تھا۔ اس کے علاوہ بھی کچھ وجوہات تھیں۔“
مزیدپڑھیں:بلی کو مل گئی ’سرکاری نوکری‘، مسافر کا مذاق رنگ لے آیا
انہوں نے مزید کہا، ”وہ کچھ بھی مانگ سکتی ہیں۔ اگر ہم دینے کے لیے تیار ہوں تو دے سکتے ہیں، لیکن فلم کا حساب کتاب بھی ہمارے لیے درست ہونا چاہیے۔ ہمیں لگا کہ یہ ہمارے لیے قابل عمل نہیں تھا، اس لیے ہم نے دوسرے راستے تلاش کیے۔“
اس معاملے نے اس وقت مزید توجہ حاصل کی جب سندیپ ریڈی وانگا نے 2025 میں سوشل میڈیا پر ایک سخت پیغام جاری کیا۔ اگرچہ انہوں نے دیپیکا کا نام نہیں لیا، لیکن ان کے بیان کو اداکارہ سے جوڑا گیا۔
سندیپ نے لکھا، ”جب میں کسی اداکار کو کہانی سناتا ہوں تو میں اس پر 100 فیصد اعتماد کرتا ہوں۔ ہمارے درمیان ایک غیر تحریری معاہدہ ہوتا ہے۔ لیکن ایسا کرکے آپ نے اپنے بارے میں بتا دیا کہ آپ کون ہیں۔ ایک نوجوان اداکارہ کو نیچا دکھانا اور میری کہانی کو روکنا، کیا یہی آپ کی فیمینزم ہے؟“
بعد ازاں تریپتی ڈمری کو ’اسپرٹ‘ میں دیپیکا کی جگہ مرکزی اداکارہ کے طور پر شامل کر لیا گیا۔ فلم میں پربھاس اور تریپتی ڈمری کے ساتھ وویک اوبرائے بھی اہم کردار میں نظر آئیں گے۔ ’اسپرٹ‘ 5 مارچ 2027 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔
دوسری جانب دیپیکا پڈوکون شاہ رخ خان کے ساتھ فلم ’کنگ‘ میں نظر آئیں گی، جبکہ ان کی ایک اور فلم ’راکّا‘ بھی زیر تکمیل ہے جس میں وہ الو ارجن کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔
’اسپرٹ‘ سے متعلق تنازع میں اب تک کئی مختلف وجوہات سامنے آ چکی ہیں۔ تازہ دعوے سے یہ بات ضرور واضح ہوتی ہے کہ دیپیکا اور سندیپ کے درمیان دوبارہ کام کرنے کے امکانات کم بتائے جا رہے ہیں۔









