متحدہ عرب امارات کے کرکٹر آصف خان پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 15 ماہ کی پابندی لگا دی۔آئی سی سی کے مطابق آصف خان پر اینٹی ڈوپنگ قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے پابندی لگائی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ آصف خان نے ممنوع مواد استعمال کرنے پر 15 مہینے کی سزا قبول کی، 8 ستمبر 2025ء کو آصف خان کا ٹیسٹ ہوا تھا۔ آصف خان پر پابندی 8 ستمبر 2025ء سے 7 دسمبر 2026ء تک رہے گی۔
آصف خان 2022 میں بین الاقوامی کرکٹ میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے اہم رکن رہے ہیں۔ انہوں نے ٹیم کی جانب سے 38 ایک روزہ میچز ون ڈے اور 56 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔
آصف خان کو 8 اکتوبر 2026 سے کسی ٹیم کے ساتھ ٹریننگ کرنے یا کلب یا آئی سی سی کی رکن تنظیم کی سہولیات استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ وہ 8 دسمبر 2026 سے ہی مسابقتی کرکٹ میں واپسی کے اہل ہوں گے، جب ان کی معطلی کی مدت مکمل ہو جائے گی۔
آئی سی سی کے اینٹی ڈوپنگ ضابطے کے مطابق 8 ستمبر 2025 سے 29 دسمبر 2025 کو عائد کی گئی عارضی معطلی کے آغاز تک آصف خان کے انفرادی نتائج منسوخ کر دیئے گئے ہیں۔ اس عرصے کے دوران حاصل کیے گئے میڈلز، پوائنٹس، انعامی رقم اور دیگر اعزازات بھی واپس لے لیے جائیں گے۔
آصف خان کا آخری آفیشل میچ گزشتہ سال دسمبر میں تھا، جب انہوں نے ابوظبی میں انٹرنیشنل لیگ ٹی 20 کے ایک میچ میں گلف جائنٹس کی جانب سے ایم آئی ایمریٹس کے خلاف شرکت کی تھی۔ رواں سال وہ اب تک کسی بھی آفیشل میچ میں نظر نہیں آئے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں آئی ایل ٹی20 کی فرنچائز لیگ کے متعدد میچز کھیلے، تاہم وہ اپنی بہترین فارم کے قریب بھی نہیں تھے۔
مزید پڑھیں:آزاد کشمیر کی وزارتِ عظمیٰ پر مسلم لیگ (ن) میں اختلافات
آصف خان کا متحدہ عرب امارات کی جانب سے آخری باضابطہ بین الاقوامی میچ 17 ستمبر 2025 کو دبئی میں پاکستان کے خلاف کھیلا گیا ٹی 20 انٹرنیشنل تھا۔









