کویت کے وزیر دفاع شیخ عبداللہ علی عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی جس دوران پاکستان اور کویت کے دفاعی تعلقات مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی سلامتی، باہمی دلچسپی اور دفاعی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کویتی وفد میں کویت کی مسلح افواج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل خالد درج سعد الشریعان بھی شامل تھے۔دونوں برادر ممالک نے ادارہ جاتی روابط مزید مضبوط بنانے اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
مزید پڑھیں:پاکستان کا ٹاس جیت کرانگلینڈ کے خلاف بولنگ کا فیصلہ، بابراعظم کی واپسی
کویتی وفد نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، آپریشنل مہارت اور خطے میں امن و استحکام کیلئے کردار کو سراہا۔ملاقات میں پاکستان اور کویت کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو ایک مضبوط، دیرپا اور باہمی مفاد پر مبنی دفاعی شراکت داری میں مزید تبدیل کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔








