ٹیکنالوجی کمپنی گوگل کے جیمینائی اے آئی ماڈل نے سائبر سکیورٹی کی صلاحیتوں کے ایک ٹیسٹ کے دوران انٹرنیٹ پر دستیاب معلومات اور تخمینے کی مدد سے تین مختلف ویب سائٹس یا اداروں تک رسائی حاصل کر لی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ مئی میں آزاد سائبر سکیورٹی ادارے ’اِرریگولر‘ کی جانب سے کیے گئے ایک سکیورٹی جائزے کے دوران پیش آیا۔ اس ٹیسٹ کے دوران جیمینائی اے آئی نے آن لائن دستیاب معلومات تلاش کیں اور اندازے سے حاصل کیے گئے کریڈینشلز کے ذریعے تین ویب سائٹس تک رسائی حاصل کرنے میں کامیابی حاصل کی۔
اس حوالے سے گوگل کی سکیورٹی انجینئرنگ کی نائب صدر ہیدر ایڈکنز کا کہنا ہے کہ تینوں متعلقہ اداروں کو اس واقعے سے بروقت آگاہ کر دیا گیا تھا، اور ٹریننگ پارٹنر کے ساتھ مل کر اس قسم کی ٹیسٹنگ کے طریقہ کار میں ضروری تبدیلیاں بھی کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعہ اس بات کو اجاگر کرتا ہے کہ اتنے طاقتور اے آئی ماڈلز کو ذمہ دارانہ انداز میں کام کرنے کے لیے تربیت دینا کتنا اہم ہے۔ دوسری جانب، ’اِرریگولر‘ کے ترجمان نے بتایا کہ متعلقہ اداروں کو جولائی کے آخر میں اس معاملے سے مطلع کر دیا گیا تھا اور سامنے آنے والے تمام سکیورٹی مسائل کو چند ہفتے قبل کامیابی کے ساتھ حل کر لیا گیا ہے۔









