نیوزی لینڈ نے بھارت کے خلاف آئندہ ماہ ہونے والی 5 میچوں کی ٹی20 سیریز کے لیے 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں فاسٹ بولر ایڈم ملن اور آل راؤنڈر مائیکل بریسویل کی واپسی ہوئی ہے۔
نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق دونوں کھلاڑی انجری کے باعث رواں سال ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد رنر اپ رہنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم کے 13 کھلاڑیوں کو اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان 5 ٹی20، 5 ون ڈے اور 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 میچ 22 اکتوبر کو کرائسٹ چرچ میں ہوگا۔
دائیں کندھے کی انجری کے باعث راچن رویندرا ٹی20 سیریز سے باہر ہوگئے ہیں۔ وہ گزشتہ ہفتے ایک کمرشل شوٹنگ کے دوران کندھا اترنے کے باعث زخمی ہوئے تھے، تاہم ان کی ون ڈے سیریز تک واپسی متوقع ہے۔
اوپنرز ٹم سیفرٹ اور فن ایلن بھی دوبارہ ایک ساتھ کھیلتے نظر آئیں گے۔ دونوں نے آخری مرتبہ نیوزی لینڈ کی ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل تک رسائی کے دوران ایک ساتھ اننگز کا آغاز کیا تھا۔
نیوزی لینڈ کے کوچ روب والٹر نے کہا کہ ٹیم کے پاس متبادل کھلاڑیوں کی اچھی تعداد موجود ہے، اس لیے ورک لوڈ کو مدنظر رکھتے ہوئے سیریز کے دوران تمام 16 کھلاڑیوں کو موقع دینے کی کوشش کی جائے گی۔
”بھارت کی ٹیم اچھی ہے اور یہ ایک مشکل حریف ہے، لہٰذا اپنے ہی گراؤنڈز پر کیوی شائقین کے سامنے ان کا مقابلہ کرنا واقعی بہت پرجوش تجربہ ہوگا۔”
ان کا مزید کہنا تھا کہ زیادہ تر میچوں کے ٹکٹ فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں، اور ہمیں امید ہے کہ یہ مقابلے یقیناً شاندار ثابت ہوں گے۔
والٹر نے کہا کہ انہوں نے ممکنہ طور پر بہترین ٹیم منتخب کرنے کی کوشش کی ہے، جس میں مختصر دورانیے کے فارمیٹ کے ماہر کھلاڑی ٹم سیفرٹ اور فن ایلن بھی شامل ہیں۔ ”ہماری ترجیح میچ جیتنا اور میدان میں بہترین ٹیم اتارنا ہے۔”
مزید پڑھیں:پی ٹی آئی احتجاج، پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، رینجرز کی خدمات بھی طلب
نیوزی لینڈ کے اسکواڈ میں مچل سینٹنر (کپتان)، فن ایلن، مائیکل بریسویل، مارک چیپ مین، ڈیون کونوے، جیکب ڈفی، لوکی فرگوسن، زیک فولکس، میٹ ہنری، بیون جیکبز، کائل جیمیسن، ایڈم ملن، ڈیرل مچل، گلین فلپس، ٹم سیفرٹ اور ناتھن اسمتھ شامل ہیں۔









