وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے مملکت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی اور تبدیلی کا سفر قابلِ فخر ہے، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی متحرک اور دوراندیش قیادت میں سعودی عرب ترقی اور خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔ ترقی اور تبدیلی کا سفر سعودی قوم ہی نہیں پاکستان کیلئے بھی باعثِ فخر ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں سعودی عرب پر حوثی حملوں خصوصاً مکہ مکرمہ پر حملے کی کوشش کو قابلِ مذمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سلامتی کو لاحق کوئی بھی خطرہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی اور آزمودہ برادرانہ رشتہ باہمی اعتماد اور مشترکہ اقدار پر قائم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری میں تبدیل ہو رہے ہیں۔ پاکستان اور سعودی عرب نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کیے ہیں، جو دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں:بھارت کیخلاف ٹی20 سیریز: کیوی اسکواڈ میں ایڈم ملن اور مائیکل بریسویل کی واپسی
وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔شہباز شریف نے اپنے پیغام کا اختتام “پاک سعودی بھائی چارہ زندہ باد” کے الفاظ سے کیا۔









