بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم کی بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی پیشکش

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے امریکا کے دورے کے دوران مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی پاکستانی نژاد کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔

امریکا میں مقیم انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، آٹو موبائل، توانائی، تعمیرات، زراعت اور دیگر شعبوں سے وابستہ کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز کے وفود نے وزیرِ اعظم سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وفود کو خوش آمدید کہا اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کاروباری شخصیات اور پروفیشنلز ملک کے سفیر کا کردار ادا کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مثبت کردار کے ذریعے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں۔

مزیدپڑھیں:بیرون ملک مقیم باصلاحیت پاکستانی نوجوان پوری قوم کا فخر ہیں ، وزیرِ اعظم شہباز شریف کی امریکا میں مقیم پاکستانی نوجوانوں کے وفود سے ملاقاتوں میں گفتگو

انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے پر توجہ دے رہی ہے۔ حکومت کی جانب سے کاروباری برادری کو درپیش مشکلات دور کرنے کے لیے اصلاحات کا عمل بھی جاری ہے۔

وزیرِ اعظم نے ایف بی آر (Federal Board of Revenue) میں ہونے والی اصلاحات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے ذریعے کاروباری برادری کے مسائل حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں۔

زراعت کے شعبے کے حوالے سے وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت ملکی زرعی شعبے کی ترقی اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبے میں جدت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پیداوار اور برآمدات میں اضافے کے امکانات پیدا کیے جا سکتے ہیں۔

ملاقات کرنے والے کاروباری وفود اور پروفیشنلز نے پاکستان میں زراعت، صنعت اور برآمدات کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وفود نے بالخصوص ایف بی آر میں اصلاحات اور کاروباری ماحول میں بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی تعریف کی۔

ملاقاتوں میں وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان (Rana Mashhood Ahmad Khan)، معاون خصوصی بلال بن ثاقب (Bilal bin Saqib)، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار (Asim Iftikhar)، امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان احمد شیخ (Rizwan Ahmed Sheikh)، وزیرِ اعظم کے غیر ملکی میڈیا کے ترجمان مشرف زیدی (Musharraf Zaidi)، اوورسیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا (Syed Qamar Raza)، مینیجنگ ڈائریکٹر اوورسیز فاؤنڈیشن افضال بھٹی (Afzal Bhatti) اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔