بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ایف بی آر نے سوشل میڈیا آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کے قواعد جاری کردیے

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے سوشل میڈیا پر معاوضہ وصول کرکے مواد تیار کرنے والے رہائشی اور غیر رہائشی افراد کی آمدن پر ٹیکس عائد کرنے کے لیے خصوصی طریقہ کار متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت آمدن کا تعین ویوز اور حقیقی طور پر وصول ہونے والے معاوضے کی بنیاد پر مقررہ فارمولے کے ذریعے کیا جائے گا۔

اس حوالے سے ایف بی آر نے بدھ کو 3 نوٹیفکیشنز جاری کیے ہیں۔ ایف بی آر نے ایس آر او 1640(I)/2026 کے ذریعے معاوضہ وصول کرکے سوشل میڈیا مواد سے آمدن کمانے والے افراد کی وضاحت کی ہے، جبکہ رہائشی افراد کے لیے ایس آر او 1641(I)/2026 اور غیر رہائشی افراد کے لیے ایس آر او 1642(I)/2026 جاری کیا گیا ہے۔

نئے طریقہ کار کے تحت غیر رہائشی افراد پر یہ قواعد اس صورت میں لاگو ہوں گے جب سوشل میڈیا مواد سے حاصل ہونے والی آمدن پاکستان میں صارفین کے ساتھ رابطے کے ذریعے پاکستان سے حاصل ہونے والی آمدن تصور ہو اور مقررہ صارفین کی حد پوری ہوتی ہو۔

ایف بی آر نے کسی سرگرمی کو کاروباری سرگرمیوں کے مسلسل اور منظم حصول یا ڈیجیٹل ذرائع سے صارفین کے ساتھ رابطے کے زمرے میں لانے کے لیے ٹیکس سال کے دوران 50 ہزار سے زائد صارفین یا سہ ماہی میں 12,250 صارفین کی حد مقرر کی ہے۔

مزیدپڑھیں:پنجاب کے سرکاری سکولوں میں نیا نصاب منظور، کتابوں کا بوجھ 25 فیصد کم ہوگا

نئے طریقہ کار کے مطابق سوشل میڈیا مواد سے حاصل ہونے والی کم از کم قابل ٹیکس آمدن کا تعین مجموعی معاوضے سے قابل اجازت اخراجات منہا کرکے کیا جائے گا۔ تاہم اخراجات کی اجازت مجموعی آمدن کے زیادہ سے زیادہ 30 فیصد تک ہوگی۔

مجموعی معاوضے کے تعین کے لیے ایف بی آر نے مقررہ ریونیو پر مل (آر پی ایم) فارمولے اور حقیقی طور پر وصول کیے گئے معاوضے میں سے زیادہ رقم کو بنیاد بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوٹیوب ویڈیوز کے لیے آر پی ایم 195 روپے فی ایک ہزار ویوز مقرر کیا گیا ہے، جس میں وقتاً فوقتاً نظرثانی کی جاسکے گی۔

اگر کسی شخص کو مقررہ آر پی ایم کے تحت حاصل رقم سے کم حقیقی معاوضہ موصول ہوا ہو تو اسے کم آمدن کے ثبوت کمشنر کی تسلی کے لیے فراہم کرنا ہوں گے۔

ایف بی آر نے ان افراد کے لیے سہ ماہی ایڈوانس انکم ٹیکس بھی مقرر کیا ہے۔ سوشل میڈیا سے حاصل آمدن ٹیکس ریٹرن کے خصوصی حصے میں ظاہر کرنا ہوگی، جبکہ کم آمدن ظاہر کرنے کی صورت میں متعلقہ کمشنر ریٹرن میں غلطی یا کوتاہی درست کرکے واجب الادا رقم وصول کرسکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارم سے مراد انٹرنیٹ پر مبنی ایسی سروس ہے جو صارفین کو باہمی رابطے اور صارفین کے تیار کردہ مواد کے اشتراک کی سہولت فراہم کرے، جبکہ معاوضہ دینے والا سوشل میڈیا مواد ہر قسم کی آمدن پیدا کرنے والے مواد پر مشتمل ہوگا۔