بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

استنبول ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائن کا طیارہ کیوں ضبط کر لیا گیا؟

استنبول ایئرپورٹ پر ایرانی ایئرلائن کا بوئنگ 737 طیارہ تقریباً 30 لاکھ یورو کے قرض کی عدم ادائیگی پر ضبط کرلیا گیا، مسافروں کو پرواز سے قبل طیارے سے اتار دیا گیا۔

ترک خبر رساں ادارے کے مطابق طیارے میں مسافروں کے سوار ہونے کے بعد ترک عدالت کے افسران اور قرض خواہ کمپنی کے وکلا ایئرپورٹ پہنچے اور طیارے کو تہران روانگی سے روک دیا۔

رپورٹ کے مطابق EP-KPB رجسٹریشن نمبر والا طیارہ ترکی کی ایک ایوی ایشن سروسز کمپنی کے واجب الادا قرض کے باعث ضبط کیا گیا۔ طیارے میں موجود مسافروں اور عملے کو اتار کر ٹرمینل منتقل کردیا گیا۔

کیسپین ایئرلائنز نے واقعے کو ترکی میں ایک انتظامی معاملے کے باعث بوئنگ طیارے پر عائد عارضی آپریشنل پابندی قرار دیا۔

ایرانی سرکاری ٹی وی کے مطابق ایئرلائن کا کہنا ہے کہ تنازع استنبول ایئرپورٹ کی خدمات کی مد میں تقریباً 30 لاکھ یورو کے واجبات سے متعلق ہے، جبکہ طیارے کی ایران واپسی متوقع تھی۔

طیارے کی ضبطی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایرانی ہوا بازی کا شعبہ مالی اور آپریشنل مشکلات کا سامنا کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 8 ستمبر کو امریکا نے 27 ایرانی ایئرلائنز پر پابندیاں عائد کی تھیں، جبکہ ایران کی ہوا بازی کی صنعت سے منسلک کمپنیوں اور دیگر اداروں کو بھی پابندیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

مزید پڑھیں:ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی میں مبینہ کروڑوں کی بے ضابطگیوں کا انکشاف، آڈٹ

امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ایئرلائنز کو طیاروں، اسپیئر پارٹس، دیکھ بھال اور بین الاقوامی مالیاتی سہولیات کے حصول میں پہلے ہی مشکلات کا سامنا ہے۔کیسپین ایئرلائنز کے طیارے کی ضبطی کے وقت بھی ایران اور ترکیہ کے درمیان اس کی پروازیں جاری تھیں۔