بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

ویسٹ انڈین بلے بازوں کا بھارتی بولرز پر لاٹھی چارج، ایک اننگز میں3 سنچریاں، 406 کا ٹارگٹ

گوہاٹی: بھارت کے خلاف دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز نے 405 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا، بھارت کو جیتنے کے لیے 406 رنز کا ہدف دے دیا۔

بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 405 رنز بنا لیے ہیں۔

بھارت کو میچ جیتنے اور سیریز میں برتری مستحکم کرنے کے لیے 406 رنز کا ہدف ملا ہے۔ ویسٹ انڈیز کے جان کیمبل، شائے ہوپ اور امیر جنگو نے سنچریز بنائیں،ون ڈے کرکٹ میں چھٹی بار ایسا ہوا کسی ٹیم کے تین کھلاڑیوں نے سنچریز اسکور کیں۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے جان کیمبل نے 68 گیندوں پر 101 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں 9 چوکے اور 5 چھکے شامل تھے۔کپتان شائی ہوپ نے 94 گیندوں پر 104 رنز بنائے جبکہ امیر جنگو نے صرف 77 گیندوں پر 114 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

روسٹن چیز 29 اور شمر جوزف 14 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ بھارت کی جانب سے گورنور برار اور رویندر جدیجا نے 2،2 جبکہ کلدیپ یادیو نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔ویسٹ انڈیز نے آخری پانچ اوورز میں 36 رنز بنائے اور مجموعی رن ریٹ 8.10 رہا۔

رائٹرز کے مطابق یہ تین میچوں کی سیریز کا دوسرا مقابلہ ہے۔ پہلے ون ڈے میں بھارت نے تھرواننتھاپورم میں ویسٹ انڈیز کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کی تھی۔

پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے 50 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 295 بنائے تھے۔ جسٹن گریوز نے 101 اور جان کیمبل نے 62 رنز بنائے جبکہ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 40 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

جواب میں بھارت نے ویرات کوہلی کی ناقابلِ شکست 139 اور کپتان شبمن گل کی 110 رنز کی سنچریوں کی بدولت ہدف صرف 41.4 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا تھا۔ اس میچ میں کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 15 ہزار رنز بھی مکمل کیے اور 55ویں سنچری بنائی۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی، نئی ون ڈے رینکنگ جاری، پاکستان ٹیم چوتھے نمبر پر آگئی

پہلے میچ میں شکست کے بعد ویسٹ انڈیز نے دوسرے مقابلے میں بیٹنگ کے ذریعے زبردست واپسی کی ہے۔ 405/7 اس سیریز میں اب تک بھارت کے لیے سب سے بڑا چیلنج ہے، جبکہ بھارتی بیٹنگ لائن اپ کے سامنے 406 رنز کا ہدف ہے۔