اسپیس ایکس کی اسٹار شپ کی آزمائشی پرواز کے دوران خلاء میں نظر آنے والی ایک پراسرار روشن شے نے لائیو نشریات دیکھنے والوں کو حیران کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق اسٹار شپ کی پرواز کے دوران سوشل میڈیا صارفین نے خلائی جہاز کے پیچھے ایک ہلکی نیلی رنگت کی خم دار روشن لکیر دیکھی، جس کے سرے پر سفید روشنی نمایاں تھی۔
پراسرار شے کی تصاویر اور ویڈیوز دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، جس کے بعد بعض صارفین نے اسے خلائی مخلوق کا جہاز قرار دینے کے قیاس آرائیاں شروع کر دیں تاہم خلائی ماہرین اور شوقین افراد نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے اس منظر کی سائنسی وضاحت پیش کی ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ روشن شے غالباً سپر ہیوی بوسٹر کے انجن بند ہونے اور علیحدگی کے بعد خلاء میں خارج ہونے والی باقی ماندہ گیس کا پھیلتا وا بادل تھا۔
مزید پڑھیں:اوپن اے آئی نے خود کار نئے’’ ڈاٹ ایجنٹس‘‘ متعارف کرا دیئے
خلاء کے انتہائی کم دباؤ والے ماحول میں گیس تیزی سے پھیلتی ہے اور سورج کی روشنی اس سے منعکس ہونے کے باعث یہ ایک غیر معمولی روشن اور پراسرار ساخت کی شکل اختیار کر سکتی ہے۔









