پاکستان میں اگلے سال شیڈول تین ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز منسوخ ہونے کا امکان ہے جس میں زمبابوے کی شرکت متوقع نہیں رہی۔
کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق زمبابوے کی سیریز میں شرکت تجارتی وجوہات کے باعث ختم ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ دونوں فریق متبادل وقت میں سیریز کے انعقاد پر کام کر رہے ہیں۔
پاکستان، آئرلینڈ اور زمبابوے کے درمیان جنوری 2027 میں پاکستان میں تین ملکی ون ڈے سیریز شیڈول تھی، تاہم اب امکان ہے کہ اسے محدود کرکے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دو طرفہ وائٹ بال سیریز تک کردیا جائے گا۔
آئرلینڈ کے خلاف پاکستان میں ایک ٹیسٹ میچ بھی زیر غور تھا، تاہم موجودہ صورتحال میں اس امکان میں بھی کمی آئی ہے۔کرکٹ آئرلینڈ کے ترجمان نے کرک انفو کو بتایا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اور کرکٹ آئرلینڈ دورے کے نئے شیڈول پر کام کر رہے ہیں اور تفصیلات جلد جاری کی جائیں گی۔
دونوں کرکٹ بورڈز اس دورے پر کام کر رہے تھے، جس میں ایک ٹیسٹ میچ بھی شامل تھا، تاہم ترجیحات میں تبدیلی کے باعث اب ٹیسٹ میچ کے انعقاد کا امکان کم ہوتا جارہا ہے۔متوقع دو طرفہ سیریز میں وائٹ بال کرکٹ کو ترجیح دی جائے گی۔
پاکستان نے اگلے سال زیادہ ون ڈے کرکٹ کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔یاد رہے 2027 کا ون ڈے ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان رواں ماہ سری لنکا اور انگلینڈ کے ساتھ تین ملکی سیریز کی میزبانی کرے گا۔ اس کے علاوہ بنگلا دیش میں 5 میچز پر مشتمل ون ڈے سیریز بھی زیر غور ہے جبکہ اگلی گرمیوں میں انگلینڈ کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز بھی پہلے ہی طے ہوچکی ہے۔
دوسری جانب آئرلینڈ اگلے سال فروری میں ورلڈ کپ کوالیفائرز میں شرکت کرے گا جہاں اس کا مقصد سال کے آخر میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنا ہے۔
مزید پڑھیں:حکومت نے قومی بچت اسکیموں کی شرح منافع میں اضافہ کردیا
پاکستان کے خلاف متوقع ون ڈے سیریز آئرلینڈ کے لیے ورلڈ کپ کوالیفائرز اور اس کے بعد ورلڈ کپ کی تیاری میں مددگار ثابت ہوسکتی ہے۔









