انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھیل کے قوانین اور پلیئنگ کنڈیشنز میں متعدد اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے۔
نئے قوانین کا اطلاق یکم اکتوبر یا اس کے بعد شروع ہونے والی سیریز پر ہوگا جبکہ اس تاریخ سے قبل شروع ہونے والی جاری سیریز سابقہ قوانین اور قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کی جائیں گی۔
مردوں کی کرکٹ میں وقت ضائع کرنے والے بیٹرز کے خلاف مرحلہ وار پینالٹی متعارف کرائی گئی ہے۔ پہلی خلاف ورزی پر وارننگ دی جائے گی، دوسری خلاف ورزی پر آخری وارننگ ہوگی جبکہ تیسری خلاف ورزی پر مخالف ٹیم کو 5 پنالٹی رنز دیے جائیں گے۔
خواتین کی کرکٹ کے لیے بال کے سائز اور وزن سے متعلق نئی اور سخت حد بندی بھی متعارف کرائی گئی ہے، جس کا مقصد کھیل میں استعمال ہونے والی گیند کے معیار کو مزید یکساں بنانا ہے۔
ڈے ٹیسٹ میں پنک بال کے استعمال کی اجازت
خراب روشنی کے باعث کھیل متاثر ہونے سے بچانے کے لیے ڈے ٹیسٹ میچز میں پنک بال کے استعمال کی اجازت دی گئی ہے۔ آئی سی سی کے مطابق ٹیسٹ کرکٹ میں پنک بال کا استعمال تجرباتی طور پر کیا جا رہا ہے۔
پنک بال کے استعمال کا فیصلہ میچ شروع ہونے سے پہلے کرنا لازمی ہوگا۔ ٹیسٹ میچ شروع ہونے کے بعد سرخ گیند کو پنک بال سے تبدیل کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ٹیسٹ کے آخری اوور سے متعلق اہم تبدیلی
ٹیسٹ میچ کے آخری اوور میں اگر وکٹ گر جائے تو کھیل خود بخود ختم نہیں ہوگا بلکہ اوور مکمل کیا جائے گا۔
ٹی ٹوئنٹی میں اننگز کے وقفے میں تبدیلی
ٹی ٹوئنٹی میچز میں اننگز کے درمیان 15 منٹ کا وقفہ مقرر کیا گیا ہے۔ تاہم وقت ضائع ہونے کی صورت میں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں یہ وقفہ کم کرکے کم از کم 10 منٹ کیا جا سکے گا۔
ڈرنکس بریک کے دوران کوچ کو میدان میں آنے کی اجازت
نئے قوانین کے تحت ڈرنکس بریک کے دوران ہیڈ کوچ یا ان کے نمائندے کو میدان میں جانے کی اجازت ہوگی، جس سے ٹیم انتظامیہ اور کھلاڑیوں کے درمیان مختصر براہِ راست رابطے کی گنجائش پیدا ہوگی۔
لیگ سائیڈ وائیڈ کا تجرباتی قانون مستقل قرار
لیگ سائیڈ وائیڈ سے متعلق تجرباتی قانون کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مستقل طور پر شامل کر لیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:29 ستمبر کو مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے فالس فلیگ آپریشنز شروع کیے: ڈی جی آئی ایس پی آر
آئی سی سی کی جانب سے کی گئی ان تبدیلیوں کا مقصد کھیل کے مختلف فارمیٹس میں وقت کے بہتر انتظام، واضح پلیئنگ کنڈیشنز اور کھیل کے تسلسل کو مزید بہتر بنانا ہے۔









