اسلام آباد(نیوزڈیسک)چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت الیکشن کمیشن میں ہنگامی اجلاس ہوا۔
لاء ونگ حکام نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ممنوعہ فنڈنگ کیس کے متعلق تیاری پر حتمی بریفنگ دی۔
چیف الیکشن کمشنر نے متعلقہ حکام کو کیس کے متعلق تمام تیاریاں مکمل کرنےکی ہدایت کی اور کیس کے فیصلے کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت کی۔
چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی کہ ضرورت پڑنے پر رینجرز اہلکار الیکشن کمیشن پر تعینات کیے جائیں۔
ممنوعہ فارن فنڈنگ فیصلے کے موقع پر اسلام آباد کی سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار جوان ڈیوٹی پر مامور ہوں گے، غیر متعلقہ افراد کو الیکشن کمیشن میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی، میڈیا سمیت ریڈ زون دفاتر جانے والوں کو شناخت کے بعد جانےکی اجازت ہوگی جب کہ سیاسی جماعتوں کے کارکنان کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اعلان کیا ہے کہ تحریک انصاف کی ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ کل سنایا جائےگا۔
ممنوعہ فنڈنگ کیس کا فیصلہ، الیکشن کمیشن میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کا فیصلہ








