جاپان(Japan) میں جاری ایشین گیمز کے دوران جنسی ہراسانی کی شکایت سامنے آنے کے بعد بھارتی ہاکی امپائر اور ٹیکنیکل عہدیدار گرندر سنگھ سنگھا کو انڈیا واپس بھیج دیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گرندر سنگھ کے خلاف جاپان کے شہر ناگویا میں ایک خاتون ملائیشین ہاکی عہدیدار اور ہوٹل کے ایک ملازم کے ساتھ مبینہ بدسلوکی کی شکایات سامنے آئی تھیں۔
ہاکی انڈیا کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ سنگھا کے خلاف ملائیشیا کی خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج کرائی گئی، جس کے بعد انہیں واپس بھارت بھیج دیا گیا۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ سنگھا کو خاتون عہدیدار کی جانب سے جنسی ہراسانی کی شکایت درج ہونے کے بعد واپس بھیج دیا گیا ہے۔ ہماری معلومات کے مطابق وہ دو روز پہلے واپس جا چکے ہیں۔
مزیدپڑھیں:ذیابیطس کے مریضوں کو کون سی روٹی کھانی چاہیے؟
ہاکی انڈیا کے عہدیدار سے جب پوچھا گیا کہ کیا ایشین گیمز کے بعد سنگھا کے خلاف کوئی کارروائی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ ایشین ہاکی فیڈریشن (اے ایچ ایف) کی تفصیلی رپورٹ ملنے کے بعد ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر اے ایچ ایف کی رپورٹ میں سنگھا کے خلاف منفی نتائج سامنے آئے تو ہم یقینی طور پر سخت کارروائی کریں گے۔









