بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

عمران خان اور پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں کوئی ریکارڈ جمع نہیں کراویا، شاہد خاقان

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) مسلم لیگ ن کے نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں کوئی ریکارڈ جمع نہیں کرایا۔

پریس کنفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے نائب صدر شاہد خاقان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کی سیاسی تاریخ میں الیکشن کمیشن کی طرف سے اہم ترین کیس کا فیصلہ آیا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے خلاف فنڈنگ کی ذرائع کے حوالے سے پٹیشن اکبر ایس بابر نے 2014 میں دائر کی تھی، اکبر ایس بابر ایک عام آدمی نہیں تھے ان کا پی ٹی آئی اور عمران خان کے ساتھ واسطہ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ سال تک یہ معاملہ الیکشن کمیشن میں زیر سماعت رہا جبکہ عمران خان اور پی ٹی آئی نے ہر طرح سے کوشش کی یہ معاملہ آگے نہ بڑھے۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان حکومت میں رہے تو الیکشن کمیشن پر دباو ڈالتے رہے، عمران خان اور پی ٹی آئی نے اپنے دفاع میں کوئی ریکارڈ جمع نہیں کراویا۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی بنائی، اسٹیٹ بینک نے تمام ثبوت الیکشن کمیشن کو فراہم کئے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ اسکروٹنی کمیٹی نے جو فیصلہ دیا اس پر الیکشن کمیشن نے دو سال لگائے جو آج آپکے سامنے ہے، وہ شخص جس کی سیاست اس پر ہوتی ہے کی دوسرے چور ہیں آج یہ ثابت ہوگیا کہ آج سب سے بڑا چور عمران خان اور اسکی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ 150 کروڑ روپیہ عمران خان نے ان ذرائع سے حاصل کیا جسکی پاکستان کا قانون اجازت نہیں دیتا، یہ رقم عمران خان نے ممنوعہ ذرائع سے حاصل کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس میں اسرائیلی اور بھارتی شہری بھی شامل ہیں، دوسروں پر غداری کا الزام لگانے والے بتائیں وہ کس کے لئے کام کر رہے ہیں۔