بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بارش سے موسم خوشگوار،چھتیں گرنے سے دوافرادجاں بحق،3زخمی

لاہور کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی(Rain) سے موسم خوشگوارہوگیا۔
لاہور کے علاقوں گلبرگ، فیروز پور روڈ اور ماڈل ٹاؤن سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں،شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ اورکم سے کم  22 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوئیں چلنے کا سلسلہ جاری ہے،چوبیس گھنٹے کے دوران مزید بارش برسنے کے امکانات موجود ہیں۔

پتوکی اور ننکانہ صاحب میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی ہے،کھاریاں،بورے والا، ونیکے تارڑ میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بادل برسے۔

  پنجاب میں بارشوں، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا گیا جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگیا ہے، جس کے باعث آج سے 14 اکتوبر تک صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے، 11، 13 اور 14 اکتوبر کو لاہور، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، وزیرآباد، قصور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال اور میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق 11 اور 13 اکتوبر کو فیصل آباد، خوشاب، بھکر، سرگودھا، جھنگ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے۔

مزیدپڑھیں:فٹبال کے میدان میں انوکھا احتجاج! کاغذی جہازوں کی بارش، میچ منسوخ

 لاہور میں ہلکی بارش سے گرمی کی شدت میں کمی اور موسم خوشگوار ہوگیا، بارش کے بعد واسا کی ہدایت پر نکاسی آب کے لیے عملہ فیلڈ میں موجود ہے جبکہ کنٹرول روم کے ذریعے مختلف علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کی نگرانی کی جارہی ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے کے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک کو بھی احتیاطی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ بارش اور آندھی کے دوران بوسیدہ اور کچے مکانات میں رہنے سے گریز کریں، غیر ضروری سفر نہ کریں اور خراب موسم میں محفوظ مقامات پر رہیں، آسمانی بجلی چمکنے کی صورت میں کھلے مقامات سے دور رہنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے، بچوں کو نشیبی علاقوں میں جمع پانی، بجلی کی تاروں اور کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

 دوسری طرف پاکپتن میں تیزبارش اور آندھی کے باعث چھتیں گرنے کے 3مختلف واقعات میں2 افرادجاں بحق اور 3زخمی ہوگئے۔
محلہ عیدگاہ اور کرماں والا چوک میں چھتیں گرنے سے2 افرادجاں بحق، 3زخمی ہوئے ، ریسکیو 1122نے زخمیوں کو اسپتال منتقل کر دیا۔