کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کراچی کے شہریوں نے ہمیشہ ایم کیو ایم کے نمائندوں کو فتح سے ہمکنار کیا،دوبارہ مردم شماری میں ہمیں صحیح نہ گنا گیا تو سڑکوں پر آکر خود کو گنوائیں گے، 2018 کے عام انتخابات میں حق پرستوں کا مینڈیٹ چوری کرنے والے اس مرتبہ 21اگست کے ضمنی انتخاب میں بدترین شکست سے دوچار ہوں گے۔ وہ بدھ کو یہاں حلقہ این اے245کے ضمنی انتخاب کے سلسلے میں جمشید روڈ، پی آئی بی ٹاؤن میں الیکشن آفس کا افتتاح کررہے تھے۔اس موقع پر ڈپٹی کنوینر و سابق میئر کراچی وسیم اختر،اراکین رابطہ کمیٹی محمد حسین،شکیل احمد، ارشاد ظفیر،ارشد حسن، نامزد امیدوار برائے حلقہ این اے245 معید انور،مرکزی شعبوں کے اراکین اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔ڈاکٹر خالد مقبول نے کہا کہ یہ سیٹ ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کے انتقال سے خالی ہوئی، ہم سمجھتے ہیں کہ پاکستان بنانے والوں اور قائد اعظم کے فکر و فلسفے کے مطابق پاکستان بننا چاہئے، لیکن 2018کے عام انتخابات میں 70فیصد ریونیو دینے والے شہر کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا گیا۔
دوبارہ مردم شماری میں ہمیں صحیح نہ گنا گیا تو سڑکوں پر آکر خود کو گنوائیں گے، خالد مقبول








