اسلام آباد: ممبر قومی اسمبلی پاکستان پیپلز پارٹی ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو چیر پرسن انسانی حقوق کمیٹی نےیوم استحصال کشمیر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 5 اگست 2019 مہذب دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔پانچ اگست 2019 کو بھارت نے عالمی قوانین، اخلاقیات کو پاوں تلے روندا تھا۔پانچ اگست 2019 کے بعد کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین َخلاف ورزیوں کا آغاز ہوا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار نے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنا دیا ہے۔مقبوضہ کشمیر میں تمام تر بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں مذہبی، سماجی، سیاسی حقوق پر بدترین قدغنیں عائد ہیں۔بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریاں معمول ہیں ۔سرچ آپریشنز کے نام پر کشمیریوں کی جان مال عزت آبرو و املاک کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوںنے مزید کہا کہ کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں شہید کر کے نامعلوم مقام پر تدفین جاری ہے۔ہزاروں کشمیری نوجوان گرفتار، حریت قیادت قید و نظر بند ہے۔بھارتی فورسز کشمیری خواتین سے جنسی زیادتی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہی ہیں ۔کشمیری اقوام عالم، انسانی حقوق کے عالمی اداروں کی توجہ کے منتظر ہیں۔مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا ادھورا ایجنڈا ہے ۔مسئلہ کشمیر کا پرامن حل خطے کے مستقل امن کا ضامن ہے ۔اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر بارے اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کرائے۔
5 اگست 2019 مہذب دنیا کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، ڈاکٹر مہرین رزاق بھٹو








