اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پاک فوج مخالف پروپیگنڈہ کے خلاف کھڑی ہے۔
ہیلی کاپٹر سانحہ کے بعد سوشل میڈیا پر پاک فوج کے خلاف ہونے والے منفی پروپیگنڈہ کے حوالہ سے اپنے ردعمل میں شہبازگل نے کہا کہ یہ پروپیگنڈہ وہ لوگ کر رہے ہیں جو پاک فوج اور پاکستان کیخلاف ہیں اور مہم چلانے والے کئی سالوں سے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کر رہے ہیں۔
شہباز گل نے کہا کہ افواج پاکستان کے رینکس میں تحریک انصاف کے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، پہلے صدر پاکستان کے خلاف مہم چلی، 17 سال کے بچے نے غلط ٹوئٹ کیا، 30 لاکھ فالوورز والے سلیم صافی اس 50 فالوورز والے بچے کو ری ٹوئیٹ کرتے ہیں، مقصد صرف یہ ہے کہ فوج کے ادارے میں پی ٹی آئی کے خلاف محاذ کھڑا کیا جائےان لوگوں کا پی ٹی آئی اور عمران خان کی کردار کشی کرنے کا ایجنڈہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے احسانوں کا بدلہ اتار نہیں سکتے، ہم یہ خواب میں بھی نہیں سوچ سکتے، عمران خان اور تحریک انصاف تگڑی فوج چاہتی ہے، اس کیلئے جان بھی قربان کریں گے، عمران خان پہلے بھی کہہ چکے ہیں کہ مجھ سے زیادہ ہماری فوج کی اہمیت ہے، جس راستہ پر آج عمران خان کھڑا ہے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز بھی اسی راہ میں شہید ہوئے۔
پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ جنہوں نے گالیاں دیں آج انھیں فوج کے اوپر بٹھانے کی کوشش کی جا رہی ہے. ن لیگ کی قیادت پہلے بھی فوج کو گالیاں دیتی تھی، یہ ان کا پرانا شیوا ہے، نواز شریف، مریم صفدر، جاوید لطیف کے بیانات سب جانتے ہیں، خواجہ آصف نے فوج سے متعلق جو کہا تھا وہ سب کو پتہ ہے. مریم صفدر اور ان کے والد کو آج فوج کا ہمدرد بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسٹریٹجک میڈیا سیل کو عمران خان کی کردارکشی کا ٹاسک دیا گیا ہے، ایجنڈہ کے تحت ہر چیز کو توڑ مروڑ کر غلط فہمیاں پیدا کی جا رہی ہیں، اب غلط فہمی کے نتیجہ میں آئے دن نیا پروپیگنڈہ کیا جائے گا،بیورو کریٹس نوکری بچانے کے لیے جعلی حکومت کے آلہ کار نہ بنیں، جو برے کام میں ملوث ہیں ان کا قانونی طور پر احتساب کیا جائے گا۔
شہباز گل نے کہا کہ ملک کا دفاع صرف بندوقوں کیساتھ نہیں کرنا یہ ففتھ جنریشن وار ہے، ففتھ جنریشن وار میں تو اب ملک کو اندر سے توڑا جاتا ہے، یہ جنگ ہتھیاروں کی نہیں بلکہ ملک کے مستقبل کے بیانیے کے لیے ہے،یہ جنگ اس چیز کی ہے کہ ہمارے ملک کیلئے سب سے ضروری کیا ہے۔









