بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

جلسے کیلئے ہاکی اسٹیڈیم میں آسٹرو ٹرف اکھاڑناکاپراپیگنڈابے بنیاد،جلدنئ آسٹروٹرف لگائیں گے،صوبائی وزیرکھیل

 لاہور(نیوزڈیسک) پنجاب کے وزیرکھیل تیمور ملک نے پاکستان تحریک انصاف کے 13اگست کے جلسے کے لئے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں آسٹرو ٹرف اکھاڑنے سے متعلق پراپیگنڈے کو سختی سے مستردکرتے ہوئے کہاہےکہ ضائع ہونے سے بچانے پرانی آسٹر و ٹرف اکھاڑی جارہی ہے،بہت جلد ہاکی ایسی نئی آسٹرو ٹرف لگائیں گے جو ایشیا میں کسی اور ملک میں نہیں ہوگی۔میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے تیمورملک نے کہاکہ یہ آسٹروٹرف چار،چھ مہینے لگی رہتی تو ضائع ہوجاتی چنانچہ ہم نے تو اس اثاثے کو محفوظ بنایا ہے۔انہوں نے کہاکہ نئی آسٹرو ٹرف کے لئے ہمارا پی سی ون بناہوا ہے ، ایک دو روز میں ٹینڈر ہورہے ہیں، پانچ سے چھ ماہ کے اندرنئی آسٹرٹروف کاآرڈر دے دیں گے جو جدید تقاضوں کے مطابق ہوگی ۔انہوں نے کہاکہ ہاکی اسٹیڈیم لاہورایشیاکا سب سے بڑا ہاکی اسٹیڈیم ہے جہاں ہمارے ابھرتے کھلاڑی اپنا کھیل پیش کرتے ہیں ہم بہت جلدیہاں ایسی آسٹرو ٹرف لگائیں گے جو ایشیا میں کسی اور ملک میں نہیں ہوگی۔تیمورملک نے کہاکہ عمران خان خود ایک سپورٹس مین ہیں ایساکیسے ہوسکتا ہے کہ وہ اپنے قومی اثاثے کو اس طریقے سے ضائع ہونے دیں گے۔انہوں نے کہاکہ لاہوراسٹیڈیم سے اکھاڑی جانے والی آسٹروٹرف کو سرگودھا اسٹیڈیم میں لگایا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ پروپیگنڈہ کرنے والوں نے ہی اس آسٹروٹرف کو تباہ کیاتھا جس حمزہ شہباز نے یہاں یوتھ فیسٹیول کرایاتھا تو اس سے آسٹروٹرف کو بہت نقصان پہنچاتھا۔واضح رہے کہ اس سے پہلے میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھاکہ پاکستان تحریکِ انصاف کی جانب سے 13 اگست کا جلسہ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم منتقل کیے جانے کے بعد وہاں نصب آسٹروٹرف اکھاڑنے کی تصاویر سامنے آئی ہیں جن سے یہ سوال پیدا ہوا کہ کیا یہ ٹرف جلسے کے انتظامات کے سلسلے میں اکھاڑی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر ایسی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہیں جن میں اس سٹیڈیم سے کچھ افراد کو آسٹرو ٹرف اکھاڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔