اسلام آباد(نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کو لا کر الیکشن جیتنے، ہم کو ٹھکانے لگانے کا پلان بنایا گیا ہے، مجھے کمزور کر کے نواز شریف کو واپس لانے کا منصوبہ بن چکا ہے، الیکشن کمشنر ڈرپوک آدمی ہے، خود سے کچھ نہیں کرسکتا۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں اظہارخیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس نظام میں انصاف نہ ہو وہاں لوگ آزاد نہیں ہوتے،انصاف لوگوں کو آزاد کر دیتا ہے، حکومت تبدیل کرنے والے نہیں چاہتے خودمختار حکومت آئیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت خوفزدہ ہوچکی ہے کیونکہ یہ جانتے ہیں کہ قوم خوف کے دور سے گزر چکی ہے، یہ لوگ انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیوںکہ انہیں معلوم ہے کہ اگر الیکشن ہوا تو تحریک انصاف کلین سوئپ کرے گی۔
عمران خان نے یہ بھی کہا کہ ستمبر میں نوازشریف کو واپس لانے کی کوشش ہورہی ہے ، پلان بنایا گیا ہے کہ مجھے کمزور کریں اور پھر نوازشریف کو واپس لاکر الیکشن جتوائیں ، اسی لیے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف کارروائیاں ہورہی ہیں۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ الیکشن کمشنر ڈرپوک آدمی ہے، خود سے کچھ نہیں کرسکتا، تمام مسائل کا حل صاف اور شفاف الیکشن ہے، صرف الیکشن کے اعلان کے بعد ہی مزاکرات کے لئے تیار ہونگا۔
انہوں نے کہا کہ حقیقی آزادی کی تحریک فیصلہ کن موڑ پر ہے، 13 اگست کے جلسے میں آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان کروں گا ۔ راستے بند کئے گئے تو گلی کوچوں میں تحریک کو لے جائیں گے لیکن میں کسی صروت ان چوروں کو قبول نہیں کرونگا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ 25 مئی کو کیا گیا ظلم نہیں بھولوں گا، جنہوں نے 25 مئی کو ظلم کیا انہیں سزا ملیں گی۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میری کردار کشی کی کوشش سازش ہے،ہمارے خلاف سازش تیار ہورہی ہے جبکہ ہماری پارٹی کو توڑنے کی بھی کوشش کی جارہی ہے، دوسروں کی خارجہ پالیسی کی خاطر اپنا ملک قربان نہیں کرسکتے۔
عمران خان نے کہا کہ مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی لیکن حکومت کی کارکردگی صفر ہےاور اگر معیشیت گرتی رہی تو ہماری قومی سیکیورٹ متاثر ہوگی۔ سیاسی استحکام آئے گا تو معیشت ٹھیک ہوگی اور سیاسی استحکام کا ایک ہی طریقہ ہے کہ فوری انتخابات کرائے جائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیرونی ایجنڈا ہے کہ کسی طرح پی ٹی آئی کوختم کرو ، دہشتگردی کے خلاف آج بھی ہمارے جوان قربانیاں دے رہے ہیں ، آج بھی ہمارے جوان سرحدوں پر شہید ہورہے ہپں۔
عمران خان نے کہا کہ اس قوم کی عزت ہوتی ہے جو اپنی عزت خود کراتی ہے اور جو قوم باہر کے فیصلوں پر عمل کرے اس کی عزت نہیں ہوتی۔
انہوں نے امپورٹڈ حکومت کی جانب سے میڈیا کے خلاف ہونے والی کارروائیوں کی بھی مذمت کی اور کہا یہ لوگ عوام میں انتہائی غیر مقبول ہیں ،اسی لیے میڈیا کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کہ سوات میں جوکچھ ہورہا ہے لگتا ہے اس کے پیچھےکوئی فتنہ ہے، سوات کے معاملات میں پی ٹی آئی کونقصان پہنچانے کی گیم چل رہی ہے ،قبائلی علاقوں میں مشکلات آنے والی ہیں۔
اس سے پہلے اسلام آباد میں اقلیتی برادری کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد میں سب کو شریک ہونا چاہیے،اس جماعت کا مقصد عوام کو انصاف فراہم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامو فوبیا پوری دنیا کا مسئلہ بن چکا ہے، ہمارے دین میں انسان سب برابر ہیں،ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی۔
عمران خان نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں انصاف نہیں ہوتا، انسانی معاشرے میں انصاف اور انسانیت ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اوپر ایک ٹولہ مسلط کیا گیا ہے، چھوٹا ٹولہ کہتا ہے کہ ہمیں این آر او دیا جائے، یہ جرم کرتے ہیں اور کہتے ہیں این آر او دیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ انصاف کا مقصد کمزور اور طاقتور قانون کے سامنے برابر ہوں،حقیقی آزادی اس وقت ملتی ہے جبکہ انصاف ملتا ہے،13اگست کے جلسے میں بتاوں گا حقیقی آزادی کیسے ملتی ہے۔
نواز شریف کو لا کر الیکشن جیتنے، ہم کو ٹھکانے لگانے کا پلان بنایا گیا ہے، عمران خان








