بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

خواتین کو پھنسا کر 18سے زائد شادیاں کرنے والافراڈیا گرفتار

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی پولیس نے خواتین کو جال میں پھنسا کر 18 شادیاں کرنے والے شخص کو ریاست اڑیسہ کے دارالحکومت بھوبھنیشور سے گرفتار کر لیا۔

بھارتی ٹی وی کے مطابق تفتیش کاروں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل گرفتار کیا گیا بیبھو پرکاش سوین نامی شخص 18 سے زائد شادیاں کر چکا ہے اور اس نے اپنی بیویوں کے پتے میڈم دہلی، میڈم آسام یا میڈم یو پی کے نام سے موبائل میں محفوظ کئے گئے ،جو ان شہروں اور علاقوں کے نام ہیں جن سے وہ تعلق رکھتی ہیں۔

سینئر پولیس عہدیدار سنجیو ستپتھی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا اس شخص نے بنیادی طور پر یہ شادیاں پیسے اور کسی حد تک اپنی جنسی تسکین کے لئے کیں۔پولیس افسر کے مطابق ملزم خواتین کو قائل کرنے کی خصوصی صلاحیت کا مالک ہے اور 40سال کی عمر کی غیرشادی شدہ، بیوہ یا طلاق یافتہ خواتین کو نشانہ بناتا تھا۔ملزم نے کئی سالوں سے یہ کام کامیابی سے جاری رکھا ہوا تھا تاہم گزشتہ سال فروری اور مارچ میں کی گئیں شادیوں کی وجہ سے وہ پکڑ میں آ گیا۔پولیس کے مطابق شادی کے چند ماہ بعد ملزم نے اپنی بیویوں سے مختلف بہانوں سے پیسے مانگنا شروع کردیے اور وہ ہمیشہ کہتا تھا اسے رقم کی اشد ضرورت ہے جسے وہ جلد لوٹا دے گا۔

ملزم پر جعلی شناخت سے لئے گئے 128 کریڈٹ کارڈز کے ذریعے 13 بینکوں سے ایک کروڑ بھارتی روپے سے زائد کے فراڈ کا بھی الزام ہے جبکہ وہ ایک میڈیکل لیبارٹری کی چین بھی چلاتا ہے جس میں ڈاکٹرز اور عملے کو کئی ماہ سے تنخواہ کی ادائیگی نہیں کی گئی۔پولیس نے مئی 2021 میں 48سالہ خاتون کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت پر ملزم سوین کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا کیونکہ مذکورہ خاتون کا اتفاقا پتہ چل گیا تھا کہ ملزم کی پہلے سے سات سے زائد بیویاں ہیں۔

متاثرہ خاتون نے پولیس کو اپنے شوہر کے بینک اکاﺅنٹ سمیت تمام معلومات فراہم کیں جس کے نتیجے میں پولیس کو اس تمام معاملے میں ملزم کی دھوکادہی کا علم ہوا۔پولیس کو شبہ ہے کہ اس شخص نے یہ کام اکیلے نہیں کیا ہو گا اور وہ اس کام میں اس کی مدد کرنے والے افراد کی تلاش میں ہے۔