ریاض (وقار نسیم وامق) پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے صدر وسیم ساجد اور انفارمیشن سیکرٹری چوہدری ساجد نذیر کی جانب سے سعودی دارالحکومت ریاض میں اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی سعودی عرب اور ریاض ریجن کے عہدیداروں نے بھی شرکت کی.
اجلاس میں شریک ارکان نے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے انفارمیشن سیکرٹری چوہدری ساجد نذیر کو دبئی سے سعودی عرب آمد پر خوش آمدید کہا اور اجلاس میں پارٹی امور کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا.
پیپلز یوتھ آرگنائزیشن مڈل ایسٹ کے صدر وسیم ساجد کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری سمیت اوورسیز کمیٹی نے جس اعتماد کا ان پر اظہار کیا ہے وہ اس کو ہمیشہ قائم رکھنے کی کوشش کریں گے اور جلد ہی تمام خلیجی ممالک کا دورہ کرکے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کی تنظیم نو کرنے سمیت پارٹی ورکرز کو فعال اور منظم بنایا جائے گا.
مشرق وسطیٰ پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے انفارمیشن سیکرٹری چوہدری ساجد نذیر کا کہنا تھا کہ سمندر پار پاکستانی ہمیشہ سے پیپلزپارٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ذوالفقار علی بھٹو شہید کی بدولت ہی پاکستانیوں کو پاسپورٹ ملا اور بیرون ممالک پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے سفر کرکے جہاں اپنے مستقبل کو بہتر بنایا وہیں ملک کو زرمبادلہ بھیج کر پاکستان کی معیشت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا اور پیپلزپارٹی قائداعظم محمد علی جناح کے نظریات کے مطابق اور ذوالفقار علی بھٹو شہید سمیت محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے نظریات کے مطابق پاکستان کو مضبوط بنانے کے لئے سیاسی کردار ادا کر رہی ہے.
پیپلزپارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی اور سعودی عرب کے سنئیر نائب صدر ریاض راٹھور کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک کی واحد ایسی جماعت ہے جو سیاسی اور جمہوری اقدار کی علمبردار ہے جس نے ہمیشہ ملک میں جمہوریت کو مضبوط بنایا ہے اور بلاول بھٹو زرداری جس طرح سے پارلیمنٹ کو مضبوط بنانے کے لئے کوشاں ہیں وہ قابل تحسین ہے اور بطور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری پاکستان کو ایک آزاد خارجہ پالیسی دینے کی کوشش کر رہے ہیں جس کی پاکستان کو اشد ضرورت ہے.
اجلاس میں شریف بلوچ،عابد اعوان ,سردار رازق ,قریب اللہ خان بھی موجود تھے.
سمندر پار پاکستانی پیپلزپارٹی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں: چوہدری ساجد نذیر








