بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

کشمور پولیس نے 40 روز قبل اغواء ہونے والے 4 سالہ بچے کو بازیاب کروالیا

کشمور/کندھ کوٹ(نیوزڈیسک)کشمور پولیس نے کچہ کے علاقے میں کامیاب آپریشن کرکے 40 روز قبل اغواء ہونے والے چار سالہ بچے جنید کو باحفاظت بازیاب کروالیا۔ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی کی قیادت میں پولیس نے مغوی جنید کی بازیابی کے لیے ٹارگٹڈ آپریشن میں اغوا کار جکھرانی گینگ کی پناہ گاہوں کومسمار کر کے آگ لگا دی گئی۔
مغوی بچے کی باحفاظت بازیابی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایاکہ پولیس آپریشن میں دوسو سے زائد پولیس اہلکاروں نےجدید مشینری اے پی سی چین اور جدید اسلحہ کے ساتھ حصہ لیااورمختلف مقامات پر پولیس اور اغواءکاروں کے مابین فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے بتایا کہ بچے کی بازیابی کے لیے جاری آپریشن کے دوران بخشاپور کے قریب اغواء کاروں اور پولیس کے درمیان مقابلے اورپولیس کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے نتیجہ میں مغوی بچے جنید کو بازیاب کروالیا جبکہ اغواء کار اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی کمین گاہوں کوچھوڑکر بلوچستان کی جانب فرارہوگئے۔
انہوں نے کہا کہ ضلع کو امن کاگہوارہ بنانا اور عوام کےجان ومال کاتحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا۔
ادھر کمسن جنید کی باحفاظت بازیابی پر بچے کے ورثانےنے پولیس سے اظہار تشکرکرتے ہوئے ایس ایس پی آفس میں مٹھائی تقسیم کی۔