لندن/اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) مسلم لیگ (ن) کے قائد وسابق وزیر اعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا کی کوئی بھی طاقت مجھے پاکستانی عوام سے زیادہ دیر تک دور نہیں رکھ سکتی ، بہت جلد میں اپنے عوام کے ساتھ ہوں گا،سابقہ دور میں ملک میں ہر شعبے میں ناقابل تلافی پہنچایا گیا، ن لیگ اور اس کے اتحادیوں نے ملک کےلئے اپنی سیاست کو دائو پر لگایا ،قوم ہماری یہ قربانی رائیگاں نہیں جانے دے گی ۔ وہ گزشتہ روز یہاں اپنی رہائش گاہ پر جہانیاں این اے 153سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی چوہدری افتخار نذیر سے ملاقات میں بات چیت کر رہے تھے ۔اس موقع پر سابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار سمیت پارٹی کے سینئر رہنما بھی موجود تھے۔ نوازشریف نے کہا کہ افتخار نذیر پارٹی کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی اپنی پارٹی سے وفاداری قابل تعریف ہے اور انہوں نے مشکل حالات میں بڑی جرات سے اپنی پارٹی کا ساتھ دیا۔اس موقع پر افتخار نذیر نے کہا کہ میاں نواز شریف قائد اعظم کی سیاست کے وارث ہیںاور کڑروں عوام کے محبوب راہنما ہیں ۔انشاء اللہ وہ اگلے عام انتخابات میں اپنے کارکنوں کے سر پر چھاوں بن کر موجود ھونگے ۔ن لیگ کلین سویپ کرےگی، انتشار کی سیاست کرنے والی پارٹی کا سازشی بیانیہ مسترد ہوجائے گا ۔چودھری افتخار نزیر نے اس موقع پر مشکل حالات میں مریم نواز کی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہادر باپ کی بہادر بیٹی نے ریاستی جبر اور جھوٹے کا جس بہادری سے سامنا کیا اس پر وہ ملکی سیاست میں ہمیشہ بہادری کی مثال کے طور پر یاد رکھی جائیں گی ۔
کوئی طاقت اب مجھے عوام سے زیادہ دیر تک دورنہیں رکھ سکتی ،نوازشریف








