اسلام آباد(نیوزڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی یوم آزادی 14اگست کے موقع پر ممتاز غیر ملکی اور ملکی شخصیات ان میں تعلیم ، صحت ،تحقیق ،صحافت ،آرٹ سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں اعلیٰ خدمات اور کارنامے انجام دینے والے ممتاز افراد شامل ہیں کواعلیٰ ترین سول اعزازات کی منظوری ،سول اعزازات حاصل کرنے والے صحافیوں میں مرحوم ضیاء الدین ، مجیب الرحمان ، الطاف حسن قریشی ، جاوید چودھری ، مرحوم عطاالرحمان ، حافظ طاہر خلیل کے علاوہ قومی کرکٹر ٹیم کے کپتان بابر اعظم ، دولت مشترکہ کھیلوں میں گولڈ میڈل حاصل کرنے ارشد ندیم اور نوح دستگیر بٹ کے علاوہ کبڈی میں خدمات پر چودھری شجاعت کے صاحبزادے شافع حسین بھی شامل ہیں ۔ہفتہ کو کیبینٹ ڈویژن کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق 8پاکستانی شخصیات کےلئے نشان امتیاز کا اعلان کیا گیا جن میں سابق وزیرخزانہ اور خارجہ سرتاج عزیز ،بلوچستان کے ممتاز سیاستدان مرحوم سینیٹر حاصل بزنجو ،ممتاز کشمیر راہنما رئیس الاحرار چودھری غلام عباس خان ،سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس ریٹائرڈ رانا بگھوان داس مرحوم ،ممتاز موسیقار اور کمپوزر احمد غلام علی چھاگلہ مرحوم ،صوفی غلام مصطفی تبسم ، ممتاز فنکار محمد قوی خان اور سکواش کے عالمی چیمپئن جہانگیر خان ،چھ غیر ملکی شخصیات کےلئے پاکستان اور پاکستانی عوام کےلئے خدمات پر ہلال پاکستان کا اعلان کیا گیا ان میں پرنسز شیخہ موزا بنت نصر ،پرنس شیخ عبداللہ بن زید النہیان ،پرنس فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز ،انجینئر خالد بن عبدالعزیز الفلیح ،شیخ محمد بن عبدالرحمان التھانی (قطر)،پاکستان میں سابق امریکی سفیر رابن رافیل ،بہادری کے مظاہرہ پر برگیڈیئر (ر) خالد فرید اور دہشت گردی کے خاتمہ کےلئے خدمات پر برگیڈیئر فیصل نصیر کو ہلال شجاعت ،17مختلف شعبوں کی شخصیات کو ہلال امتیاز دیا گیا جن میں تعلیم کے شعبہ میں اعلیٰ خدمات پر ڈاکٹر خواجہ عبدالحیٰ اور پروفیسر احمد فاروق کو ہلال امتیاز ،سائنس انجینئرنگ کے شعبوں میں خدمات پر ڈاکٹر طلعت نصیر پاشا،حکیم رضوان حفیظ (صحت) ،ڈاکٹر راجہ علی رضا انور انجینئرنگ (نیوکلیئر) ،رئیس احمد آرٹسٹ(وائلن نواز) ،ممتاز شاعر امجد اسلام امجد، ممتاز صحافی مرحوم عارف نظامی کے علاوہ ممتاز سینئر صحافیوں مجیب الرحمان شامی ،الطاف حسن قریشی ، سماجی خدمات پر بلقیس بانو ایدھی (مرحومہ )، محمد رمضان چھیپا، وفاقی سیکرٹری احمد نواز سکھیرا، مرحوم سینئر بیوروکریٹ معروف افضل ، سینیٹر طلحہ محمود ،سینیٹر ہلال الرحمان ، ڈاکٹر گوہر اعجاز شامل ہیں ۔ پاکستان کےلئے خدمات پر ڈاکٹر جیمز ایم شیرا کو ہلال قائداعظم ، چار شخصیات کو پاکستان کےلئے خدمات پر ستارہ پاکستان دیا گیا جن میں مسٹر لِن سونگ تیان ،خالد محمود ، قہت یاسر ایرن ،راجہ نجابت حسین ، 10شخصیات کےلئے بہادری کے مظاہرہ پر ستارہ شجاعت کا اعلان کیا گیا جن میں ملک محمد حسن ، ملک گنگری ،ملک شومیل خان ، مسز فضیہ طارق ملک ،راجہ مصطفی علی ، محمد افضل شیخ، ساجدکیانی ، لیفٹیننٹ کرنل شاہد رسول، وجاہت اللہ آفریدی ،منصور احمد خان ، مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر 49شخصیات کےلئے ستارہ امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے ان میں ممتاز فنکار توقیر ناصر، مرحوم ریاض شاہد،فخر عالم ، ممتاز گلوکار حسن جہانگیر، ممتاز شاعر مرحوم ساغر صدیقی ،ممتاز اینکر انیق احمد ، شاکر شجاع آبادی ، علامہ نصیر ترابی ، ممتاز فنکارہ شمع خالد ،مسلم لیگ (ق) کے صدر چوھدری شجاعت حسین کے صاحبزادے شافع حسین کو کبڈی کےلئے خدمات اور قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ۔ ان کے علاوہ کئی سینئر صحافیوں کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا گیا ان میں مرحوم ضیاء الدین ، جاوید چودھری (کالمسٹ) ،ندیم ملک اینکر، مرحوم عطا الرحمان ، رحمت العالمین اتھارٹی کے سابق چیئرمین ممتاز سکالر ڈاکٹر انیس احمد ، وفاق المدارس پاکستان کے سیکرٹری جنرل مولانا حفیظ﷽ جالندھری ، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر قبلہ ایاز، ممتاز سکالر علامہ ثاقب رضا مصطفوی ، ممتاز نعت خواں عبدالروف روفی ، نعت خواں وقار احمد ملک ، مرتضیٰ محمود ، سینئر بیوروکریٹ امداداللہ بوسال ، معین الحق، ڈاکٹر محمد اشرف طاہر، مرزا اشتیاق بیگ شامل ہیں ۔ صدر مملکت نے 59شخصیات کےلئے صدارتی تمغہ حسن کارکردگی کا بھی اعلان کیا ان میں زراعت ، کیمسٹری ، انجینئرنگ ، منیجمنٹ ، میزائل ڈیزائن ، فزکس، میٹرلوجی ، نیوکلیئر سیفٹی ، میڈیسن ، آرٹ ، میوزک ، گلوکاری ، ٹی وی فلم کے اداکار ،پینٹنگ ،ادب اور کھیل شامل ہیں ۔59شخصیات میں ممتاز اداکارہ سنگیتا، دولت مشترکہ کھیلوں میں پاکستان کےلئے سونے کے تمغے جیتنے والے نیزا باز ارشد ندیم اور ویٹر لفٹر نوح دستگیر بٹ کے علاوہ سینئر صحافی ٹکہ خان اور حافظ طاہر خلیل شامل ہیں ۔ تین شخصیات کےلئے تمغہ پاکستان ،بہادری کے مظاہرہ پر 27شخصیات کےلئے تمغہ شجاعت اور نمایاں خدمات کا مظاہرہ کرنے والے 65پاکستانیوں کےلئے تمغہ امتیاز، ڈاکٹر مہرین فاروقی کو ملک کےلئے خدمات پر تمغہ قائداعظم اور یورپی یونین کے ہیڈ کوآرٹرز برسلز میں کشمیریوں کےلئے آواز بلند کرنے پر چودھری پرویز اقبال لوسر کےلئے تمغہ خدمت کا اعلان کیا گیا۔ ان تمام شخصیات کو 23مارچ یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اور گورنر ہائوسز میں منعقدہ خصوصی تقریبات میں یہ اعزازات دیے جائیں گے ۔
صدر مملکت کا یوم آزادی پر ممتاز غیر ملکی اور ملکی شخصیات کےلئے سول اعزازات کا اعلان








