بیجنگ(مانیٹرنگ ڈیسک) چین نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو جتنا جلد ممکن ہو مذاکرات کرنے چا ہیئں اور حادثاتی طورپربھارتی میزائل پاکستان میں گرنے کے واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاو لی جیان نے میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں جنوبی ایشیا کے اہم ممالک ہیں اور علاقائی سلامتی اور استحکام برقرار رکھنا ان کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ بھارتی میزائل پاکستانی سرزمین پر گرنے سے متعلق سوال پر ترجمان نے کہا کہ ہمیں بھی یہ اطلاعات ملی ہیں ہم دونوں ملکوں سے کہتے ہیں کہ جتنا جلد ممکن ہو وہ مذاکرات اور با ت چیت کا انعقاد کریں اور اس معاملے کی مکمل تحقیقات کریں ۔دونوں ممالک بروقت معلومات کے تبادلے کے عمل کو مضبوط بنائیں اور اطلاع دینے کانظام قائم کریں تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات سے بچا جا سکے ۔واضح رہے 9 مارچ کو بھارتی میزائل پنجاب کے ضلع میاں چنوں میں گرا تھا جس پر بھارت نے موقف اختیار کیا تھا کہ یہ میزائل حادثاتی طو رپر پاکستانی حدود میں گرا ہے ، پاکستان نے اس معاملے کی مشترکہ تحقیقات کی پیشکش کی جسے بھارتی حکومت نے ٹھکرا دیا۔
میزائل گرنے کا معاملہ ، چین کی پاکستان اور بھارت کو مذاکرات کی تجویز








