اسلام آباد(نیوزڈیسک)ایشین ہیوی ویٹ باکسنگ کا ٹائٹل جیت کر پاکستان کا دنیا بھر میں نام روشن کرنے والے باکسر تیمور خان کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔
تیمور خان کو اس ایونٹ میں سپانسر کرنے والی کمپنی لائف ریزیڈینشیا کے سی ای او سرفراز سیال نے پاکستانی باکسرکا استقبال کیا۔
تیمور خان نے ایشین ہیوی ویٹ باکسنگ کے فائنل میں اپنے بھارتی حریف ودھانت اگروال کو شکست دے کر ٹائٹل پاکستان کے نام کیا تھا. بنکاک میں ہونے والے پورے ایونٹ میں تیمور خان چھائے رہے۔
پاکستان میں باکسنگ کے محدود وسائل کے باوجود تیمور خان سمیت تین باکسرز نے مختلف کیٹگریز میں اپنے حریفوں کو ایشین گیمز میں شکست سے دوچار کیا۔
تیمور خان پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہے اور فائنل میں انہوں نے بھارتی حریف کو چوتھے راونڈ میں ہی ڈھیر کر دیا۔
تیمور خان کا تعلق مہمند ایجنسی کے ایک غریب گھرانے سے ہے. انہوں نے اپنی ابتدائی تعلیم ایک مدرسے سے حاصل کی. انہوں نے فٹبال کے میدان میں بھی قدم رکھا، لیکن بعد میں باکسنگ کا شوق انہیں شہرت کی بلندیوں تک لے گیا۔
پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے لیے لائف ریزیڈینشیا نے تیمور خان کو ایشین گیمز میں سپانسر کیا اور سارے اخراجات برداشت کیے۔
وطن واپسی پر ایک بیان میں تیمور خان نے اللہ تعالیٰ، پاکستانی عوام، باکسنگ فیڈریشن اور لائف ریزیڈینشیا کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا لائف ریزیڈینشیا کی مدد کے بغیر وہ شاید اتنی بڑی کامیابی حاصل نہ کر پاتے. تیمور خان نے پاکستان کے دیگر نجی اداروں سے درخواست کی کہ وہ آگے آئیں اور ملک. میں باکسنگ کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
لائف ریزیڈینشیا کے سی ای او سرفراز سیال نے تیمور خان کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور ملک کا نام روشن کرنے پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا آئندہ بھی تیمور خان اور ان جیسے باصلاحیت نوجوانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی. اس موقع پر اسلام آباد کی مشہور سیاسی اور سماجی شخصیات بھی موجود تھیں۔
ایشین چیمپین باکسر تیمور خان کا وطن واپسی پر شاندار استقبال








