اسلام آباد(نیوزڈیسک )دنیا بھر میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں بھی جشن آزادی کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی عملے نے بھر پور انداز میں جشن آزادی تقریابات کا اہتمام کیا۔
نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں پاکستانی ہائی کمیشن نے جشن آزادی کی مناسبت سے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا، جس میں پاکستان کے سفارتی عملے کے علاوہ شہر اور گرد و نواح میں مقیم پاکستانیوں نے بھرپور انزاد میں شرکت کی۔
جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں واقع پاکستانی سفارت خانے کی عمارت میں بھی 75 واں جشن آزادی جذبہ حب الوطنی کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
جاپان میں پاکستان کی سفیر عصمت حسن سیال نے پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر انہوں نے پاک جاپان تعلقات پر بھی روشنی ڈالی۔
مشرق بعید کے ملک ویتنام میں بھی پاکستان کا جشن آزادی منایا گیا، اس حوالے سے دارالحکومت ہنوئی میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ پرچم کشائی کے بعد پاکستانی بچوں نے خصوصی کیک بھی کاٹا۔
آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے مسلم ملک انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں پاکستانی سفارتخانے میں جشن آزادی کی مناسبت سے تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں پاکستان سفیر محمد حسن نے پرچم کشائی کی اور صدر مملکت و وزیر اعظم کا پیغام پڑھ کر سنایا۔ انہوں نے بانیان پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا اور گزشتہ 75 برس کے دوران پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کیا۔
پاکستان کے یوم آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں وہاں آباد پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ شرکت کی۔
سعودی عرب میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفیر پاکستان امیر خرم راٹھور نے قومی ترانے کی دھن پر پرچم کشائی کی۔
اس موقع پر تینوں مسلح افواج کے فوجی افسران سمیت کمیونٹی ممبران کے مردوخواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔سعودی دارالحکومت ریاض میں سفارت خانہ پاکستان میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پاک فوج کے جوانوں سمیت سفارتی افسران اور کمیونٹی ممبران کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر امیر خرم راٹھور نے قومی ترانے کی دھن پر سبز ہلالی پرچم کو فضا میں بلند کیا جبکہ فوجی جوانوں نے سلامی پیش کی۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانے کے ناظم الامور نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہوں نے پاکستان میں امن و خوشحالی کے لیے دعا کی اور پاکستانیوں پر زور دیا کہ وہ وطن عزیز کی ترقی میں اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔
وسط ایشیا کے انتہائی اہم ملک کرغزستان میں بھی پاکستان کا جشن آزادی منایا گیا، اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وہاں مقیم پاکستانی طلبا، اہم شخصیات اور سفارت خانے کے عملے نے شرکت کی۔
بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں بھی پاکستانی ہائی کمیشن میں جشن آزادی کے موقع پر خصوصی تقریب کا ااہتمام کیا گیا۔
تقریب کے دوران پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامور آفتاب حسن خان نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور تحریک آزادی کے دیگر عظیم رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک آزاد ریاست کے قیام کے لیے تاریخی جدوجہد کی تھی۔
ناظم الامور نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت سمیت اپنے تمام پڑوسیوں کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتا ہے۔ تاہم جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ضروری ہے کہ جموں و کشمیر کے بنیادی مسئلے کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جائے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھی سخت پابندیوں کے باوجود پاکستان کا 75 واں جشن آزادی انتہائی جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فورسز اور پولیس کی بھاری نفری کی تعیناتی اور ڈرونز کیمروں سے سخت نگرانی کے باوجود کشمیریوں نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرنے کے لیے سرینگر، بارہمولہ، بڈگام، شوپیاں، پلوامہ، اسلام آباد، کولگام اور جموں کے کئی علاقوں میں پاکستانی پرچم لہرائے۔
سرینگر میں کشمیریوں نے بھارتی فورسز کی پرواہ کئے بغیر پاکستان کے یوم آزادی پر اپنی خوشی کا اظہار کرنے کے لیے پٹاخے پھوڑے اور سبز اور سفید رنگ کے غبارے ہوا میں چھوڑے، کشمیریوں نے پاکستان کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے بلند کئے۔
1971 میں ہم سے جدا ہوکر بنگلا دیش بننے والے ہمارے مشرقی بازو کے دارالحکومت ڈھاکا میں بھی قومی ترانے کی گونج سنائی دی۔
اپنے خصوصی پیغام میں بنگلا دیش میں پاکستان کے سفیر عمران احمد صدیقی نے کہا کہ ہم اپنی آزادی کے لیے اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں، ہم اپنے بزرگوں کی قربانیوں کو یاد اور اپنے ملک کو ایک حقیقی فلاحی ریاست میں تبدیل کرنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ ہمیں اپنے بچوں کو یہ سکھانا چاہیے کہ پاکستان کیوں ناگزیر تھا۔









