راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کی زیرصدارت248ویں کور کمانڈرزجی ایچ کیو میں منعقد ہوئی جس میں داخلی، بیرونی سکیورٹی صورتحال اور پیشہ وارانہ امور کا جائزہ لیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاکو علاقائی و عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیشرفت ،ملک کی داخلی سلامتی کی صورت حال اور مغربی سرحد کے انتظام کے بارے میں جامع بریفنگ دی گئی۔کانفر نس میں پاکستانی حدودمیں بھارتی میزائل گرنے کے حالیہ واقعہ جس کے بارے میں ہمسایہ ملک کا کہنا ہے کہ یہ حادثاتی طور پر پیش آیا تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ اس سے بڑی تباہی ہوسکتی تھی ۔شرکا نے کہاکہ بھارت کی طرف سے غلطی کے اعتراف کئے جانے کے باوجودمتعلقہ عالمی اداروں کو اس معاملے کو سنجیدہ لینا چاہیے اور بھارت کواپنے سٹریٹجک اثاثوں کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جانا چاہیے،شرکانے کہاکہ ایسے خطرناک واقعات سے علاقائی امن اور سٹرٹیجک استحکام دائو پر لگ سکتا ہے۔آرمی چیف نے انسداددہشت گردی کی جاری کامیاب کارروائیوں کو سراہا۔شرکا نے ملک کی سلامتی یقینی بنانے کے لئے ضروری اقدامات اٹھانے کا عزم ظاہر کیں۔آرمی چیف نے اسلامی تعاون تنظیم کی وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس اور یوم پاکستان پریڈکا پرامن انعقادیقینی بنانے کے لئے تمام سکیورٹی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔انہوں نے فارمیشنز کی جنگی تیاریوں کو سراہتے ہوئے مشن پر مبنی تربیت پر زوردیا۔
بھارتی میزائل سے تباہی ہوسکتی تھی،عالمی ادارے معاملے کا نوٹس لیں،کورکمانڈرز








