اسلام آباد(نیوز ڈیسک) سعودی عرب کی جانب سے پاکستان میں 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں مزید ایک سال کے لیے توسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ 3 ارب ڈالر کے سیف ڈیپازٹ پر 3 فیصد سود بھی ادا کیا جائے گا جب کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کا خطرہ ہوا تو رقم فوری واپس کرنا ہو گی۔
3 ارب ڈالر سیف ڈپازٹ کی مدت میں توسیع دسمبر 2023ء تک کیے جانے کا امکان ہے، تاہم ذرائع کے مطابق سیف ڈپازٹ کی مد میں رکھی گئی رقم کو استعمال بھی نہیں کیا جا سکے گا۔ وزیر مملکت برائے خزانہ عائشہ غوث پاشا نے گفتگو میں بتایا کہ سعودی عرب کے ساتھ ایک سالہ توسیع کا معاہدہ جلد طے پا جائے گا۔
وزیر مملکت کے مطابق سعودی عرب ماہانہ 10 کروڑ ڈالر کا اُدھار تیل بھی فراہم کرے گا۔ سعودی عرب سے 10 ماہ میں 1 ارب ڈالر کا مؤخر ادائیگیوں پر تیل ملے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی آج ہی سعودی ولی عہد سے ٹیلیفونک گفتگو ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور اور دونوں ممالک کے مابین کئی شعبوں میں تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔سعودی ولی عہد نے پاکستانی قوم کو جشن آزادی کی مبارک باد بھی پیش کی جب کہ انہوں نے وزیراعظم کی جانب سے دورۂ پاکستان کی دعوت بھی قبول کی۔









