راولپنڈی(ممتاز نیوز)الشفاء ٹرسٹ آئی ہاسپٹل کے صدر میجر جنرل (ر) رحمت خان نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں آنکھوں کا جدید ترین ہسپتال تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس سے مقامی افراد کے علاوہ بلوچستان کے دور دراز علاقوں افغانستان اور ایرانی بلوچستان کے افراد کو بھی فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے کہا کہ فوج نے ہسپتال کے لئے زمین مختص کر دی ہے اور ہسپتال کی تعمیر کے بعد یومیہ چار سو مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولت میسر آئے گی۔ میجر جنرل (ر) رحمت خان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کوئٹہ کینٹ سے متصل ہو گا جہاں عوام کی رسائی آسان ہو گی اورقریب ہی کینسر اور امراض قلب کے ہسپتال بھی واقع ہیں۔ اس ہسپتال پر اسی ملین روپے لاگت آئے گی اور یہ 2024 تک مکمل ہو جائے گا جہاں او پی ڈی کے علاوہ روزانہ پچاس آپریشن بھی کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں باقائدہ معاہدہ ہو چکا ہے اورالشفاء ٹرسٹ راولپنڈی میں ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل سٹاف کو ضروری تربیت دے رہا ہے۔انھوں نے کہا کہ ٹرسٹ کی جانب سے بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں فری آئی کیمپ لگانے کا سلسلہ جاری ہے اور ہسپتال فعال ہونے کے بعد اس میں مزید توسیع کی جائے گی۔
الشفاء ٹرسٹ کوئٹہ میں آنکھوں کا جدید ہسپتال بنائے گا، میجر جنرل (ر) رحمت خان








