ملتان(مقبول حسین) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ن لیگ کی اتحادی حکومت کی توجہ عوامی مسائل کی طرف کم اور تحریک انصاف کے خلاف سازش کرنے کی طرف زیادہ ہیں۔ جتنی توجہ تحریک انصاف کے خلاف ناجائز کیسز کرنے کی طرف ہے۔ اگر اتنی توجہ عوامی مسائل کے حل کی طرف دی جاتی تو آج ملکی حالات اتنے گھمبیر نہ ہوتے۔ تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی تمام کوششیں ناکام ہونگی۔ ملکی معیشت کنٹرول کرنا ناگزیر ہے۔ حکومت ایک طرف تو میثاق معیشت کا کہتی ہے اور دوسری طرف تحریک انصاف کے خلاف انتقامی کارروائیاں کررہی ہے۔ ن لیگ کو عمران خان فوبیا ہو گیا ہے۔ عمران خان حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔جوامپورٹڈ حکمرانوں برداشت نہیں ہو رہی۔پی پی ن لیگ نے عوام کو محکوم بنایا۔ عمران خان نے عوام کو شعوری آزادی دی۔ یہ عمران خان کی دی ہوئی شعوری آزادی کا نتیجہ ہے کہ جب کہیں کسی کی حق تلفی ہوتی ہے توعوام اٹھ کھڑے ہوتے ہیں۔ حقیقی آزادی کیلئے عمران خان عوام کو متحرک کرنے کیلئے عوامی رابطہ مہم کاآغاز کررہے ہیں۔ ملتان میں این اے 157 کی انتخابی مہم اور عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 8 ستمبر کو ملتان آئیں گے۔ عمران خان کے جلسے میں شرکت کیلئے این اے 157 کی ہر یونین کونسل میں جارہا ہوں۔ آئیں عمران خان کاخطاب سنیں۔ عمران خان کا نظریہ اور بیانیہ سنیں۔ عمران خان مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز این اے 157 کی انتخابی مہم کے سلسلے میں مختلف یونین کونسلوں‘ ڈیرہ محمدی‘ کڑی ٹمک‘ موضع بھینی‘ کوٹ رب نواز میں مختلف مقامات پر کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع یونین کونسل کڑی ٹمک میں سابق وائس چیئرمین مہر حق نواز سیال۔ مہر حاجی سرفراز سیال۔ مہر آصف سیال نے اپنی برادری اور گروپ سمیت پیپلزپارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت‘یونین کونسل کوٹ رب نواز سے ن لیگ کے مشیر عبدالغفار ڈوگر کے قریبی ساتھی عامر ڈوگر اپنے ساتھیوں سمیت ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہو کر پی ٹی آئی امیدوار محترمہ مہر بانو قریشی کی حمایت کا اعلان کیا۔پیرسیدخالدمحمودشاہ، مہر دلیرخان مہار، مہر دلبر مہار، نجف خان سیال،چوہدری عزیز الرحمٰن، چوہدری ایوب، چوہدری طاہر، چوہدری یونس، چوہدری عباس، اکرم خان بلوچ، ملک زید، ملک عبدالرؤف، رانا انیس سمیت علاقہ کی سرکردہ شخصیات اس موقع پر موجود تھے۔تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی پی‘ ن لیگ کی کرپشن کی بدولت عوام کا اعتماد اٹھ چکا ہے۔ عوام کی نظریں عمران خان اور تحریک انصاف کی جانب ہیں۔ ایک طویل عرصے بعد پاکستان کوعمران خان کی شکل میں ایک دیانتدار اورایماندار قیادت میسر آئی ہے۔ ساڑھے تین سال کے دورہ اقتدار میں عمران خان نے کوئی بیرون ملک اکاؤنٹس کھولے ہوں‘ بیرون ملک یا اندرون ملک جائیدادیں بنائی ہوں سب کچھ قوم کے سامنے ہے۔ عمران خان کے برعکس پی پی ن لیگ کی قیادت کو جب بھی اقتدار ملا دونوں ہاتھوں سے ملک لوٹا‘ بیرون ملک اکاؤنٹس کھولے‘ جائیدایں بنائیں او ربیرون ملک فرار ہو گئے۔ عمران خان کا مرنا جینا سب کچھ پاکستان میں ہے۔ آج تحریک انصاف کا مرکز میں اقتدار نہیں لیکن عمران خان پاکستان میں موجود ہیں اور موجود رہیں گے۔ وہ غریب عوام کی حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے دور اقتدار میں غریب عوام کیلئے بہت سے منصوبے شروع کئے۔ جو امپورٹڈ حکمرانوں نے روک دئے۔ تحریک انصاف جب اقتدار میں آئی تو وہ تمام فلاحی منصوبے دوبارہ شروع کرے گی۔ موجودہ حکومت نے عوام کے منہ سے نوالہ چھین لیاہے۔ آج پورا ملک بجلی کے بلوں میں بے پناہ اضافے کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔ میں پی پی چیئرمین بلاول زرداری سے کہتا ہوں کہ انہوں نے ہمارے دور اقتدار میں مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ شروع کیا تھا ساڑھے تین سال کی مہنگائی ایک طرف اور موجودہ چار مہینے کی مہنگائی ایک طرف۔ میں انہیں دعوت دیتا ہوں کہ وہ آئیں اور حالیہ مہنگائی کے خلاف ملکر لانگ مارچ کرتے ہیں۔ بلاول زرداری نے حالیہ مہنگائی میں اضافے کے خلاف کیا اقدامات اٹھائے۔ 11 ستمبر کا دن پی پی‘ ن لیگ کیلئے احتساب کا دن ثابت ہوگا۔ اس دن این اے157 کے باشعور عوام بجلی کے بلوں‘ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور چار ماہ میں ملکی تاریخ کی ریکارڈ مہنگائی کو مد نظر رکھتے ہوئے اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔ مہنگائی کا طوفان ن لیگ کی حکومت کوبہا کر لے جائیگا۔ پاکستان کی عوام باشعور ہیں انہیں اچھے اور برے کی پہچان ہے۔ انہیں پتہ ہے پاکستان کیلئے کون سی قیادت مخلص ہے۔ وہ مخلص اور دیانتدار قیادت کے نمائندے کو اپنا نمائندہ منتخب کریں۔ این اے 157 کی عوام عمران خان کی ورکر اور سپاہی محترمہ مہر بانو قریشی کو کامیاب کرکے ثابت کریں گے کہ ملتان تحریک انصاف کا کل بھی قلعہ تھا اور آج بھی قلعہ ہے۔
عمران خان 8 ستمبر کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ،شاہ محمود








